اینٹیگا ٹیسٹ،بھارت نے 8وکٹوں پر566رنزپرڈکلیئرکردی

اینٹیگا ٹیسٹ،بھارت نے 8وکٹوں پر566رنزپرڈکلیئرکردی

اینٹیگا (اے پی پی) بھارت نے اینٹیگا ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز 566 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی، کپتان ویراٹ کوہلی نے 200 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ روی چندرن ایشون نے 113 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز نے کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 31 رنز بنا لئے۔ تفصیلات کے مطابق سر ویون رچرڈز سٹیڈیم، اینٹیگا میں ٹیسٹ کے دوسرے روز بھی بھارتی بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا، ویراٹ کوہلی نے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری سکور کی اور 200 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ روی چندرن ایشون نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری ٹیسٹ سنچری سکور کی اور 113 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دیگر بلے بازوں میں امیت مشرا 53 اور وردھیمن ساہا 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اس طرح بھارت نے 566 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ کریگ براتھویٹ اور دیویندرا بشو نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ 30 کے مجموعی سکور پر گر گئی جب راجیندرا چندریکا 16 رنز بناکر محمد شامی کا نشانہ بن گئے۔ کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 31 رنز بنا لئے اور اسے فالو آن سے بچنے کیلئے تین سو سے زائد رنز درکار ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی