کنٹونمنٹ بورڈز کے تمام علاقوں میں ’’انسداد ڈینگی ڈے‘‘ پر ریلیوں کا انعقاد
لاہور(خبرنگار) پنجاب حکومت کی ہدایات کی روشنی میں شہر کے دیگر حصوں کی طرح لاہور اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈز کے تمام علاقوں میں ’’انسداد ڈینگی ڈے‘‘ انتہائی جوش و خروش اور ڈینگی مچھر کے تدارک او ربچاؤکی تدابیر پر عملدرآمد کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔مرکزی انسداد ڈینگی واک فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال سے بھٹہ چوک تک منعقد ہوئی جس میں محکمہ صحت، تعلیم، کوآپریٹو، ڈی ایچ اے ، ضلعی انتظامیہ اور ل لاہور ووالٹن کنٹونمنٹ بورڈز کے افسران، ملازمین، اساتذہ، شہریوں اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔واک کی قیادت ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ کینٹ ڈاکٹر آصف اقبال نے کی۔
انسداد ڈینگی واک میں شرکاء نے ڈینگی کے خاتمے اور اس کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے حوالے سے بینرز اٹھا رکھے تھے۔واک کے شرکاء نے شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر پر مبنی پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔مزید برآں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول چرڑ گاؤں میں انسداد ڈینگی آگاہی سیمینار بھی منعقدہوا جس میں مختلف سکولوں کے اساتذہ کرام، محکمہ تعلیم او رصحت کے افسران کے علاوہ انسداد ڈینگی سکواڈ کے ارکان اور ڈینگی ماہرین نے شرکت کی۔