ڈینگی کے خلاف مہم سے شہریوں میں آگاہی پھیلائی جارہی ہے،راؤ امتیاز احمد

ڈینگی کے خلاف مہم سے شہریوں میں آگاہی پھیلائی جارہی ہے،راؤ امتیاز احمد

لاہور(جنرل رپورٹر) یوم انسداد ڈینگی پرٹی ایم اے گلبرگ ٹاؤن کے زیر اہتمام لبرٹی چوک سے حسین چوک تک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن راؤ امتیاز احمد نے کی۔ واک میں محکمہ تعلیم، صحت،سوشل ویلفیئر، لوکل گورنمنٹ، لاہور ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی، ٹی ایم اے اتھارٹی، پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی، واٹر اینڈ سینیٹیشن اتھارٹی سمیت الائیڈ محکمہ جات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد شرکت نے شرکت کی۔ آگاہی واک کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا گیاکہ گلبرگ ٹاؤن کے 2000سے زائد ورکرز اور والنٹیئرزٹاؤن کی تمام 15یونین کونسلز میں گھر گھر جا کر ان ڈور سرویلنس ایکٹویٹی میں شریک ہورہے ہیں۔ ڈینگی کے خلاف اس موثر مہم سے شہریوں میں آگاہی پھیلائی جارہی ہے اور ڈینگی کو ہر صورت کو شکست دی جائے گی۔ اس موقع پر واک کے شرکاء نے شہریوں میں آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کیے۔ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی آگاہی سیمینار سے خطاب میں ماہرین کا کہا تھا کہ مون سون کی بارشوں کے پیش نظراگلے چند ماہ ڈینگی کے حوالے سے حساس ہیں جن میں مچھر کی افزائش کو روکنے کے لئے تمام سوسائٹی کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ اسی ضمن میں گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے گھر گھر جا کر مکینوں کو ڈ ینگی سے محفوظ رہنے اور مچھر کی افزائش کو روکنے کے سلسلہ میں معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔اس موقع پر اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ مجموعی طور پر سوسائٹی کے تمام حلقوں کی کاوش سے ڈینگی مچھر پر ماضی میں بھی قابو پایا گیا اور آئندہ بھی اسے سر اٹھانے کی مہلت نہیں دی جائے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1