سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب کی زیرقیادت انسداد ڈینگی آگاہی واک

سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب کی زیرقیادت انسداد ڈینگی آگاہی واک

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں یوم انسداد ڈینگی منایاگیا۔ اس موقع پر سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب علی جان خان کی زیرقیادت ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کے دفتر سے پنجاب اسمبلی بلڈنگ تک آگاہی واک منعقد کی گئی جس میں ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین سید، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر فیاض بٹ، ڈائریکٹر ہیلتھ (متعدی امراض) ڈاکٹر ہارون جہانگیر خان کے علاوہ محکمہ کے افسران ، اہلکاران او رنرسنگ سٹوڈنٹس نے شرکت کی۔سیکرٹری علی جان خان نے کوپر روڈ پر لوگوں میں ڈینگی آگاہی کے بارے میں پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے کہاکہ حالیہ بارشوں کے پیش نظر آئندہ 3-4ماہ ڈینگی کا پیک سیزن رہے گا جس کے دوران ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے کے لئے حکومتی اداروں اور عوام کو باہمی تعاون کے ساتھ بھرپور محنت کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈ ینگی صحت کے ساتھ ایک سماجی مسئلہ بھی ہے اور اس پر قابو پا نے کے لئے بھر پور عوامی شرکت ناگزیر ہے۔ علی جان خان نے کہا کہ اس وقت پورے صوبے میں کسی بھی ہسپتال میں ڈینگی کا کوئی مریض زیر علاج نہیں تاہم تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضو ں کے علاج کے لئے اقدامات موجود ہیں۔ علاوہ ازیں گزشتہ روزوزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر گورنمنٹ شاہدرہ ہسپتال میں بھی انسداد ڈینگی کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مقامی ایم این ملک ریاض ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل شوکت جنید ، سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ کے چئیرمین ملک طار ق ، ایم ایس ڈاکٹر پرویز امتیاز ، ڈی ایم ایس ڈاکٹر عمرکے علاوہ ڈاکٹرز ، نرسز ،پیرا میڈیکل سٹاف نے شرکت کی اس موقع پرایک آگاہی واک منعقد کی گئی بعدازاں جی ٹی روڈ شاہدرہ پر ڈینگی کے خلاف پمفلٹ تقسیم کئے گئے اور عوام الناس کو بتایا گیا کہ صفائی اور احتیاطی تدابیر سے ہی ڈینگی کے مرض سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے اسلئے ہماری انفرادی و اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم لوگ ملکر ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور خود کو اور آنے والی نسلوں کو ڈینگی کے مرض سے نجات دلائیں ۔ علاوہ ازیں انسداد ڈینگی ڈے کے موقع پر شیخ زاید ہسپتال، لاہور میں پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان، چئیرمین اینڈ ڈین، شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس، لاہور کی ہدایت پر آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ایڈمنسٹریٹر شیخ ز اید ہسپتال، پروفیسر ڈاکٹر شفیق احمد شفق و دیگر انتظامیہ سمیت ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف نے بھر پور شرکت کی۔ اس واک کے انعقاد کا مقصد عوام الناس میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اور دیگر حفاظتی اقدامات اپنانے کے بارے میں آگاہی و شعور بیدار کرنا تھا تا کہ ان حفاظتی اقدامات کو اپنا کر اس وائرس کو مکمل شکست دی جا سکے۔ آگاہی واک کا آغاز ہسپتال کے ایمرجنسی ہال سے کیا گیا جو کہ مین لابی پر اختتام پذیر ہوئی۔ بعد ازاں آڈیٹوریم میں سیمینار کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں انفیکشن کنٹرول آفیسر اور فوکل پرسن برائے ڈینگی ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر جمیل الرحمن طاہر نے شرکاء کو ڈینگی مریضوں کے متعلق گورنمنٹ پروٹوکول کے حوالے سے تفصیلی لیکچر دیا۔ علاوہ ازیں ہسپتال کے مختلف نمایاں مقامات پر ڈینگی کے حوالے سے آگاہی بینرز بھی آویزاں کئے گئے، جن پر ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر درج تھیں۔دریں اثناء یوم انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں سرگنگا رام ہسپتال میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نعمان مطلوب کی زیر قیادت ڈینگی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں ہسپتال کے ڈاکٹر ز او رسٹاف نے شرکت ۔ مزیدبرآں لیڈی ایچی سن ہسپتال میں بھی ڈینگی سے آگاہی کے لئے ایم ایس ڈاکٹر ثمینہ کی زیر قیادت ڈینگی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں تمام سٹاف نے شرکت کی۔محکمہ صحت کے ڈائریکٹر انٹرنل آڈٹ ونگ کے زیراہتمام ہمابلاک علا مہ اقبال ٹاؤن میں بھی ڈینگی آگاہی واک منعقد کی گئی۔ ڈائریکٹر انٹرنل آڈٹ سرفراز احمد نے بتایا کہ واک میں افسران اورعملہ نے شرکت کی اور ہما بلاک میں گھر گھر جا کر مکینوں کو ڈ ینگی سے محفوظ رہنے اور مچھر کی افزائش کو روکنے کے سلسلہ میں معلومات فراہم کی گئی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1