ویسٹ مینجمنٹ کمیٹی کی انسداد ڈینگی ڈے کے حوالے سے صفائی مہم

ویسٹ مینجمنٹ کمیٹی کی انسداد ڈینگی ڈے کے حوالے سے صفائی مہم

لاہور(جنرل رپورٹر) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیوایم سی ) کے زیرِ اہتمام استنبول چوک ٹاؤن ہال میں انسدادِ ڈینگی ڈے کے حوالے سے ڈینگی و صفائی مہم کا انعقاد کیا گیا جس کی قیاد ت منیجنگ ڈائریکٹربلال مصطفی سید نے کی جبکہ جنرل منیجر پروجیکٹس نصرت طفیل گل، کمپنی سیکریٹری مظفر اسلام، جنرل منیجر ہیومن ریسورس اینڈ ایڈمنسٹریشن فاروق رشید،جنرل منیجر آپریشنز آصف اقبال، سربراہ کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ جمیل خاور ،ڈپٹی منیجر کمیونیکیشن شفقت رسول، محمد عمیر خان، اسسٹنٹ منیجر رحمان راشد اور دیگر افسران و عملہ بھی شریک ہوئے ۔ ترک کمپنی البیراک کے سینئر منیجر آپریشن حسین کارتال، منیجر کمیونی کیشن نعیمہ سعید عملے کے ہمراہ واک میں شامل ہوئے جبکہ سپیرئیر یونیورسٹی کے طلباو طالبات نے بھی بڑی تعداد میں واک میں حصہ لیا۔ مہم آگاہی واک، آگاہی کیمپوں کے قیام، پبلک بریفنگ، ڈینگی و صفائی سے متعلق معلوماتی و آگاہی پمفلٹس کی تقسیم اور صفائی انتظامات پر مشتمل تھی۔ استنبول چوک ٹاؤن ہال سے لوئر مال تک آگاہی واک کی گئی اور ڈینگی سے تحفظ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا گیا۔ آگاہی کیمپوں پر صفائی سے متعلقہ شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا اور عوام الناس کے لیے ڈینگی سے بچاؤ کے متعلق معلوماتی و آگاہی پمفلٹس بھی مہیا کئے گئے ۔ شرکا نے شہریوں کو تفصیلی بریف بھی کیا اور ان سے کچرا پھیلانے سے اجتناب کرنے اور کوڑے دانوں کے استعمال کی اپیل کی۔ اس موقع پر ایم ڈی بلال مصطفی سید کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ڈینگی کے مکمل خاتمے کے لیے بے حد سنجیدہ ہے اور ڈینگی لاروا کی افزائش کو روکنے کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے جس میں ہم عوام کے تعاون کی بھی شدید ضرورت ہے جس کے لیے ہم سب مکمل طور پر تیار ہیں۔ مزید براں علاقہ میں صفائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے اور بڑی تعداد میں صفائی عملہ اور مشینری تعینات کی گئی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1