جسٹس ثاقب نثار نے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھا لیا

جسٹس ثاقب نثار نے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھا لیا

لاہور(نامہ نگار خصوصی )سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس میاں ثاقب نثار نے قائم مقائم چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیاہے۔حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں منعقد ہوئی۔سپریم کورٹ کے جسٹس آصف سعید کھوسہ نے مسٹرجسٹس میاں ثاقب نثار سے قائم مقائم چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ،عدالت عالیہ لاہور کے ججز،رجسٹرار سپریم کورٹ کے علاوہ سپریم کورٹ بار کے صدر علی ظفر اور دیگر عہدیدارن نے شرکت کی۔چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس انور ظہیر جمالی کے بیرو ن ملک نجی دورے پر جانے کے باعث جسٹس میاں ثاقب نثار نے قائم مقائم چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف لیا ہے۔حلف برداری کے موقع پر سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے۔

مزید : صفحہ اول