کابل :ہزارہ برادری کے مظاہرے میں 2خود کش دھماکے ،85جاں بحق ،236زخمی

کابل :ہزارہ برادری کے مظاہرے میں 2خود کش دھماکے ،85جاں بحق ،236زخمی

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک ) افغان دارالحکومت کابل میں مظاہرے کے دوران یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے جس کی ز د میں آکر 85 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ236سے زائد زخمی ہیں،داعش نے ذمہ داری قبول کر لی، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ افغان وزارت داخلہ نے دھماکوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے خود کش ہیں حملہ آوروں نے اپنے آپ کو چھپانے کیلئے برقعے پہن رکھے تھے۔افغان میڈیا کے مطابق دارالحکومت کابل میں پاور پلانٹ کی تنصیب کے خلاف ہزارہ برادری کی جانب سے مظاہرہ جاری تھاکہ اس دوران برقع پوش تین خود کش حملہ آور ہجوم میں داخل ہوگئے۔ ہجوم میں داخل ہونے کے بعد ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی اور متعدد لوگ پاؤں تلے روندے گئے،انسانی اعضا دور دور تک بکھر گئے، دوسرے حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی تاہم اس کی خود کش جیکٹ پھٹ نہیں سکی اور وہ افغان سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے مارا گیا۔ دوسرے خودکش بمبار کے ناکام ہونے پر تیسرے حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں ہلاکتوں میں اضافہ ہوگیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کابل میں ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں 85 سے زیادہ افراد مارے گئے ہیں۔دھماکوں کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق خودکش حملوں میں 236 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔دھماکے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے ہیں اور علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں افراد شامل تھے کہ اچانک مرکزی مقام پر دھماکے ہوئے اور ہر طرف لاشیں بکھر گئیں اور بھگڈر مچ گئی جس کے بعد لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا اور لاشیں اٹھا کر راستہ کلیئر کیا۔

دھماکے

اسلام آباد (این این آئی )وزیراعظم محمد نواز شریف نے کابل میں بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے افغان حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔ ہفتہ کو اپنے بیان میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے اور ہم دہشتگردی کیخلاف غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑے ہیں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے افغان حکومت کی مدد کیلئے ہمیشہ تیار ہیں انہوں نے کابل بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں اور وہ انسانیت کی قدر کرنا نہیں جانتے ۔ نواز شریف نے کہا کہ دہشتگردی ہم سب کی مشترکہ دشمن ہے اور دہشتگردی کیخلاف سب کو مشترکہ اور ٹھوس کوششیں کرنا ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہت مشکلات کا سامنا کیا اور پاکستان دہشتگردی کیخلاف صف اول کے ملک کا کردار ادا کر رہاہے ۔ دہشتگردوں کیخلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہو گا ۔

مزید : صفحہ اول