بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
لاہور(نامہ نگار خصوصی )مسئلہ کشمیرحل ہونے تک پاکستانی سینما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔یہ درخواست اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔درخواست میں کہا گیاہے کہ بھارتی قابض افواج نے کشمیر میں ظلم و بربریت کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور کشمیریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فلمیں کشمیریوں کے موقف سے ہٹ کر بنائی جا رہی ہیں جو کہ پاکستان کی کشمیر پالیسی سے متصادم ہیں۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فلمیں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں بہت بڑی رکاوٹ کا باعث ہیں ،کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کشمیر کی آزادی تک پاکستانی سینما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کے احکامات صادر کئے جائیں۔