ریلوے اپنی زمینوں کو استعمال میں لاکر آمدن کا بہترین ذریعہ بنا سکتا ہے: خواجہ سعد رفیق

ریلوے اپنی زمینوں کو استعمال میں لاکر آمدن کا بہترین ذریعہ بنا سکتا ہے: خواجہ ...

لاہور(خبر نگار خصوصی)پاکستان ریلویزمیں ٹریک ایکسس سسٹم کے تحت آئندہ دو سال کیلئے ایسی پالیسی مرتب کی جائے جس میں سی پیک منصوبے سمیت ریلوے کے آپریشنل نظام کی استعدادِ کار کوملحوظ رکھا جائے۔ جو بھی پلان مرتب کیاجائے ، اس میں ریلوے کی بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی صرف وہی پراجیکٹ پرائیویٹ کمپنیوں کو دیئے جائیں جن میں ریلوے براہِ راست کمائی نہیں کرسکتی۔ اِن خیالات کا اظہاروزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ہیڈکوارٹر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اُنہوں ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک مقصودالنبی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جو ٹریک ایکسس سسٹم کے حوالے سے رپورٹ مرتب کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ریلوے اپنی زمینوں کو استعمال میں لاکر آمدن کا بہترین ذریعہ بناسکتا ہے۔ ریلوے اسٹیشن لاہور کی طرح دوسرے بڑے شہروں کے ریلوے اسٹیشنوں پر پارکنگ کے نظام میں بھی بہتری لائی جائے اور کنٹریکٹ کی مدّت کم سے کم 3سال اور زیادہ سے زیادہ 5سال ہونی چاہیے۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں پر وینڈنگ سٹالز کیلئے مزید ٹھیکے نہ دیئے جائیں بلکہ جو سٹال پہلے سے سسٹم میں موجود ہیں، اُن کی خوبصورتی اور معیارکو مزیدبہتربنایا جائے تاکہ مسافروں کو دورانِ سفر سستی اور معیاری اشیاء میسر آسکیں۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آئندہ دو سالوں( 2016-17اور2017-18) کی آمدنی کے اہداف تیار کیے جائیں تاکہ مستقبل قریب میں پاکستان ریلویز کو مزید بہتر اور فعال ادارہ بنایاجاسکے۔ مزید برآں پراکس، ریل کاپ اور ریڈیمکو کو وزیر ریلوے نے بڑے شہروں میں ریلوے اسٹیشنوں کے باہرجگہوں پرغیراستعمال شدہ ریلوے بوگیوں پر مشتمل کیفے ٹیریا کے ماڈل متعارف کروانے سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کیلئے ہدایات جاری کیں تاکہ عوام میں ریلوے کے امیج میں مزید بہتری ہو اوروہ ریل سے سفر کو زیادہ سے زیادہ ترجیح دینے کے ساتھ ساتھ محکمہ میں آمدنی کااضافی ذریعہ بھی بن سکیں۔ اجلاس میں چیئرپرسن ریلویز مسز پروین آغا، چیف ایگزیکٹوآفیسر محمد جاوید انور، مشیر ریلویزانجم پرویز، ممبر فنانس غلام مصطفی، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک مقصودالنبی، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینکل لیاقت علی چغتائی، چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ محمود حسن، چیف مارکیٹنگ منیجرعبدالحمید رازی،ڈائریکٹر لیگل افیئرزطاہر پرویز،فنانشل ایڈوائزر اینڈ چیف اکاؤنٹس آفیسر ڈاکٹر سعید الٰہی، فنانشل ایڈوائزر اینڈ چیف اکاؤنٹس آفیسر ریوینیوفیصل اسماعیلی،منیجنگ ڈائریکٹر ریڈیمکو زبیر شفیع غوری، منیجنگ ڈائریکٹر پراکس ظفر زمان رانجھا، ڈائریکٹر آئی ٹی فہد رحمن سمیت ریلوے کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مزید : صفحہ آخر