سندھ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا معاملہ ،قائم علی شاہ دبئی روانہ

سندھ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا معاملہ ،قائم علی شاہ دبئی روانہ

کراچی(اے این این) سندھ رینجرز کے اختیارات کی مدت میں توسیع کا فیصلہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت مشاورت کے بعد کرے گی اس مقصد کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ دبئی روانہ ہو گئے ہیں جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر بلاول بھٹو پہلے ہی دبئی میں ہیں ، فاروق نائیک،فریال تالپور اور وزیر داخلہ سندھ انور سیال بھی پہنچ چکے ہیں ۔ہفتہ کی سہ پہر سید قائم علی شاہ کراچی ایئر پورٹ سے دبئی کے لئے روانہ ہوئے ۔اس موقع پر انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ہدایت پر دبئی جا رہے ہیں ۔وہاں ان سے ملاقات میں اہم سیاسی امور پر بات ہو گی۔ملاقات میں رینجرز کے معاملے پر بات ہو گی۔ میں دبئی میں دو یا تین قیام کروں گا اس دوران پارٹی قیادت کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلے ہونگے۔دبئی کے اجلاس میں ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ گزشتہ روز کور کمانڈر کراچی سے ملاقات اچھی رہی تھی۔ذرائع کے مطابق معروف قانون دان لطیف کھوسہ،فریال تالپور اور وزیر داخلہ سندھ انور سیال بھی دبئی پہنچ چکے ہیں جبکہ سابق صدر آصف زرداری کی ہدایت پر فاروق ایچ نائیک پہلے ہی دبئی پہچ چکے ہیں ۔بلاول بھٹو زرداری پہلے ہی دبئی میں ہیں ۔دبئی میں پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت آزاد کشمیر کے ایکشن میں پارٹی کی بدترین شکست کے اسباب کا بھی جائزہ لے گی اور اگلے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیا ل ہو گا۔

مزید : کراچی صفحہ اول