پیپلز پارٹی کی تقریب بد نظمی کا شکار ،گیلانی تقریر ادھوری چھوڑ کر چل دیئے ،جیالے لھانے پر ٹوٹ پڑے
ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک) ملتان میں پیپلزپارٹی کا ورکرز کنونشن شدید بد نظمی کا شکار رہا،پارٹی کی تنظیم سازی کے لیے ہونے والے کنونشن میں کارکن گتم گتھا ہوگئے،جیالے کھانے پر بھی گتھم گتھا ،سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی تقریر ادھوری چھوڑ کر چلے گئے ۔
نجی ٹی وی ’’جیو نیوز‘‘ کے مطابق ملتان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے تنظیمی کنونشن میں مقامی پارٹی رہنما محمد علی ڈاہر نے تقریر کا موقع نہ ملنے پر احتجاج شروع کر دیا جس سے ماحول میں بدمزگی پیدا ہوگئی اور جیالے آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔پارٹی کے دوگروپوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی جبکہ ایک جیالا پارٹی رہنماوں کے خلاف پھٹ پڑا ،اس کا کہنا تھا کہ پارٹی سے وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو سٹیج پر نہ چڑھنے دیا جائے۔ حالات کو بھانپ کر تقریب میں موجود سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی تقریر ادھوری چھوڑ کر ہی چل دئیے۔کنونشن میں سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود بھی شریک تھے۔تقریب کے اختتام پر جیالوں کا اصلی رنگ نظر آیا اور وہ کھانے پر بھی ٹوٹ پڑے اور دھکم پیل سے کئی لوگوں کے کپڑوں پر بھی کھانا گرا جس سے ایک مرتبہ پھر اختتامی تقریب بھی روائتی بد مزگی کا شکار رہی ۔