بھاری بھر کم آدمی نے 30 کلو وزن کم کر ڈالا اور یہ کام اُسے کروڑ پتی بنا گیا، صرف وزن کم کرنے سے ہی کتنے کروڑ روپے کما ڈالے؟ جان کر تمام موٹے لوگوں کا دل کرے گا کہ وہ بھی یہی کام کر لیں
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) یہاں لوگوں کے لیے وزن کم کرنا ہی وبال جان ہوتا ہے لیکن امریکہ میں ایک شخص نے نہ صرف اپنے وزن میں 30کلوگرام کمی کر لی بلکہ یہ کام کرنے کے عوض کروڑوں روپے بھی کما لیے ہیں۔ دی مرر کی رپورٹ کے مطابق 36سالہ والٹر فشر نامی یہ شخص موٹاپے کا شکار تھا اور خاصی تگ و دو کے بعد بھی وزن کم کرنے میں ناکام رہا تھا۔ پھر ایک روز اس کے دوستوں نے اس سے شرط لگا لی۔ انہوں نے والٹر کو چیلنج کیا کہ اگر وہ 6ماہ میں اپنے وزن میں 10فیصد کمی کرلے تو وہ اسے 10لاکھ ڈالر(تقریباً10کروڑ روپے) دیں گے۔
والٹر نے یہ شرط قبل کر لی اور شرط جیتنے کے لیے اس نے کڑی محنت شروع کر دی۔ اس نے ایک پروفیشنل ٹرینر کی خدمات حاصل کیں اور جم میں روزانہ 10گھنٹے سے زیادہ ورزش کرنے لگا۔ بالآخر ساڑھے پانچ مہینے بعد وہ اپنے وزن میں 30کلوگرام تک کمی لانے میں کامیاب ہو گیا۔ جو 10فیصد سے زیادہ تھا۔ یوں اس نے وزن بھی کم کر لیا اور کروڑوں روپے بھی جیت لیے۔ رپورٹ کے مطابق شرط جیتنے کے بعد اس کے دوستوں نے10لاکھ کی بجائے 6لاکھ ڈالر اداکر دیئے ہیں۔ شرط کی پوری رقم نہ سہی، مگر پھر بھی وہ 6کروڑ روپے تو حاصل کرنے میں کامیاب ہو ہی گیا اور اپنی صحت بھی بہتر بنا لی۔