بھارت میں کروڑوں افراد بیت الخلاسے محروم ہیں:بھومی پڈنیکر
ممبئی(اے پی پی) بالی وڈاداکارہ بھومی پڈنیکر نے کہا ہے کہ بھارت میں کروڑوں افراد بیت الخلا جسیی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلم ’’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘‘ میں اکشے کمار کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ بھومی پڈنیکر کا کہنا ہے کہ فلموں سے لوگوں کی تفریح فراہم کرنا اچھی بات ہے لیکن اگر ان فلموں کے ذریعے لوگوں کو پیغام دیا جا سکتا ہے یا پھر معاشرے میں تبدیلی لانے کی کوشش کی جاتی ہے تو یہ اور اچھی بات ہے۔اداکارہ نے کہا کہ ’’ٹوائلیٹ ایک پریم کتھا‘‘بھارت کے ایک انتہائی اہم مسئلے پر بنائی گئی ہے،بھارت میں کروڑوں لوگ بیت الخلا سے محروم ہیں۔ دیہاتوں میں لوگوں کے گھروں میں ٹوائلٹ نہیں ہے اور خواتین کو بھی کھلے یا کھیتوں میں رفع حاجت کے لیے جانا پڑتا ہے۔بھومی نے کہا کہ اس دور میں بھی لوگ ٹوائلٹ جیسی بنیادی سہولیت سے محروم ہیں یہ انتہائی شرمناک بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر بھارتی مرد مردانہ احساسِ برتریکا شکار ہوتے ہیں اور اس کے لیے ان کے والدین ذمہ دار ہیں جو بیٹوں کو بیٹیوں پر ترجیح دیتے ہیں اور انھیں عورت کی عزت کرنا نہیں سکھاتے۔