غیرملکی لیگز میں فاسٹ باؤلرحسن علی کی مقبولیت میں اضافہ

غیرملکی لیگز میں فاسٹ باؤلرحسن علی کی مقبولیت میں اضافہ
 غیرملکی لیگز میں فاسٹ باؤلرحسن علی کی مقبولیت میں اضافہ

  


لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیمپئنزٹرافی میں گولڈن بال اور مین آف دی سیریز ایوارڈ یافتہ حسن علی کی غیرملکی لیگزمیں مقبولیت بڑھنے لگی ہے۔ حسن علی کا بی پی ایل کے بعد کیریبیئن پریمیئر لیگ سے بھی فاسٹ بولرکا معاہدہ طے پاگیا۔پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولرحسن علی نے چیمپئنزٹرافی میں تیرہ کھلاڑی آؤٹ کئے۔ وہ ٹورنامنٹ میں گولڈن بال اورمین آف دی سیریز ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ میگاایونٹ کے بعد فاسٹ بولر کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جارہاہے۔ بنگلہ دیش پریمیئرلیگ کے بعد کیریبیئن پریمیئرلیگ نے بھی حسن علی کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔بی پی ایل میں حسن علی کامعاہدہ کومیلا وکٹورینزسے ہواہے جبکہ رائٹ آرم فاسٹ بولر کا معاہدہ سی پی ایل فرنچائزسینٹ کیٹس سے طے پایاہے۔ ایک سالہ کنٹریکٹ کے تحت حسن علی سینٹ کیٹس سے کھیلیں گے۔ ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچز امریکی ریاست فلوریڈا میں کھیلے جائیں گے جس کے لئے حسن علی نے ویزے کی درخواست دے دی ہے۔ کیریبیئن پریمیئرلیگ میں دنیاکے مشہور اورمایہ نازکرکٹر شرکت کرتے ہیں۔سینٹ کیٹس کے کپتان ٹی ٹوئنٹی لیگز کے مقبول ترین کرکٹر کرس گیل ہیں جبکہ اسکواڈ میں سابق کپتان و قومی آل راؤنڈر محمد حفیظ بھی شامل ہیں۔ چیمپئنزکاچیمپئن بننے کے بعد قومی کرکٹرز پرغیرملکی لیگز کے دروازے کھل گئے ہیں۔ محمدعامر، جنید خان انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں شرکت کررہے ہیں۔ کپتان سرفرازاحمد یارکشائر اور آل رانڈر عماد وسیم کا بھی انگلش لیگ سے معاہدہ ہواہے۔ یاسرشاہ انگلش فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...