سی پیک کے آپریشنل ہونے کے بعد ترقی کے نئے مواقع سامنے آئیں گے

سی پیک کے آپریشنل ہونے کے بعد ترقی کے نئے مواقع سامنے آئیں گے

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ سی پیک کے آپریشنل ہونے کے بعد ملکی ترقی کے نئے مواقع سامنے آئیں گے، اقتصادی راہداری پاکستان کی قسمت بدلنے والا منصوبہ ہے مگر اسکے خلاف کئی ممالک سازشوں میں مصروف ہیں۔ سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ملک میں منصوبہ پر مکمل اتفاق رائے ضروری ہے جس سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گا۔ شاہد رشید بٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملکی ماحول کو مزید کاروبارد وست بنانے کی ضرورت ہے تاکہ سرمایہ کاری کو فروغ ملے جو ملکی ترقی کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے آپریشنل ہونے کے بعد ملکی ترقی کے نئے مواقع سامنے آئیں گے، اس سے بے روزگاری کم ہو گی جبکہ ملک کی جی ڈی پی میں کئی گنا کا اضافہ ہو جائے گا۔ جی ڈی پی میں حیران کن اضافے سے ملک میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور کوئی بھی غریب نہیں رہے گا ۔ انھوں نے کہا کہ اس منصوبے کے سبب پاکستان اور چین کا اقتصادی تعاون بہت بڑھ جائے گا جس سے معاشی ترقی کے علاوہ ملکی دفاع بھی مستحکم ہو گا کیونکہ چین ایک بہت بڑی فوجی وقت بھی ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف پاکستان کو دنیا بھر میں اعلی مقام ملے گا بلکہ ٹیکس کی مد میں ہونے والی آمدن پاکستان کی معیشت پر شاندار اثرات بھی ڈالے گی۔ پاکستان میں معاشی انقلاب برپا کرنے والا یہ منصوبہ نہ صرف ایک شاہراہ ریشم کو جنم دے گا۔

جو تجارت کو محفوظ، آسان، اور مختصر بنائے گی، بلکہ اس کے ساتھ ہی گوادر کو ایک انتہائی اہم مقام میں بھی تبدیل کر دے گا جس کی جستجو ترقی یافتہ ممالک کرتے ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل کی ہر ممکن کوشش کی جائے تاکہ اس کی لاجواب استعداد سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس منصوبے کی وجہ سے سامنے آنے والے نت نئے اقتصادی، مالیاتی اورعلاقائی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہے تاکہ پاکستان کو بھی ایک مستحکم معیشت بنایا جا سکے۔

مزید : کامرس


loading...