ماربل اور گرینائیٹ کی فنشنگ کے حوالے سے ترقیاتی مرکز کے قیام کی منصوبہ بندی
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں ماربل اور گرینائیٹ کی فنشنگ کے حوالے سے ترقیاتی مرکز کے قیام کی منصوبہ بندی کررہی ہے جس سے شعبہ کے کارکنوں کی پیشہ وارانہ تربیت اورروزگارکے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ ان ترقیاتی مراکز میں کٹنگ ایج ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کی جائے گی جس کیلئے عالمی بینک فنڈز فراہم کرے گا۔ قدرتی وسائل اور کان کنی کے شعبہ کے حکام نے کہا ہے کہ عالمی بینک سمیت دیگر ڈونرز کی شراکت سے سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے بھی مکمل کئے جارہے ہیں تاکہ معدنیات کی کانوں سے کاروباری مراکز تک نقل وحمل کو آسان بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس مالی سال کے دوران چترال اور کوہستان میں قیمتی معدنیات کی کان کنی کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے مختلف علاقوں میں ماربل اور گرینائیٹ کے کاروباری مراکزبھی قائم کرے گی۔