لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں انٹرمیڈیٹ کے فارم2اگست سے ملیں گے

لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں انٹرمیڈیٹ کے فارم2اگست سے ملیں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار)لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں انٹرمیڈیٹ فرسٹ ائیر کیلئے یونیورسٹی میں داخلہ فارم 2 اگست تک فراہم اور وصول کئے جائیں گے۔پرنسپل انٹرمیڈیٹ کالج لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ماہ رخ بخاری نے بتایا کہ ایف ایس سی پری میڈیکل، آئی سی ایس، ایف ایس سی پری انجینئرنگ، ہوم اکنامکس،جنرل سائنس، آرٹس اور آئی کام میں داخلے آفر کئے جارہے ہیں۔ داخلے اوپن میرٹ پر ہونگے تاہم انگلش لٹریچر اور فائن آرٹس پڑھنے کی خواہش مند طالبات کو 3اور4اگست کو ٹیسٹ دینا ہوگا ۔ ڈس ایبل اور حافظہ قرآن کیلئے انٹرویو8اگست کو جبکہ سپورٹس کیلئے ٹرائل7اگست کو ہوں گے۔وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے داخلوں کے دوران طالبات اور والدین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے ہدایات جاری کی ہیں۔

پرنسپل نے بتایا کہ لاہور کالج ایشیا کی سب سے بڑی ویمن یونیورسٹی ہے اور انٹر کی ایجوکیشن کو زیادہ منظم بنانے کیلئے یونیورسٹی نے انٹر میڈیٹ کالج قائم کیا ہے۔
لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی قابل اور ذہین طالبات کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرتی ہے اور میرٹ پر آنے والی ہر طالبہ کو داخلہ دیں گے۔اس مقصد کیلئے یونیورسٹی نے ایک خطیر رقم سکالر شپ اور مالی اعانت کیلئے مخصوص کی ہے ۔بورڈ کی پوزیشن ہولڈرز کو خصوصی سکالر شپ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پہلی میرٹ لسٹ میں آنے والی مستحق طالبات کو فیس میں رعائت کی پیشکش کی جائے گی ۔داخلہ فارم کے ساتھ میٹرک کے رزلٹ کارڈ کے علاوہ ، دو تصاویر،کریکٹر سرٹیفکیٹ، شناختی کارڈ یا ب فارم کی کاپی، والد یا والدہ کے شناختی کارڈ کی کاپی اوروالد یا سرپرست کی آمدنی کا سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا۔پہلی میرٹ لسٹ7اگست کو لگائی جائے گی۔