پیپلز پارٹی عوام کے مفادات کا ہر حال میں تحفظ کرے گی،عزیز الرحمن چن

پیپلز پارٹی عوام کے مفادات کا ہر حال میں تحفظ کرے گی،عزیز الرحمن چن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی لاہور صدر عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام کے مفادات کا ہر حال میں تحفظ کرے گی۔ پیپلز پارٹی کی عظیم الشان ریلی نے مخالفین کے ایوانوں میں لرزہ طاری کر دیا ہے۔ پوری قوم پانامہ لیکس کا منطقی انجام چاہتے ہیں۔ نواز شریف اخلاقی طور پر وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہنے کا حق کھو چکے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی لاہور کی جانب سے منعقدہ گو نواز گو ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ریلی کے شرکا نے حکومت مخالف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر گو نواز گو اور پارٹی نعرے درج تھے۔اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور نے خصوصی شرکت کی۔

اُن کے علاوہ عابد حسین صدیقی، اشرف بھٹی اور عدنان گورسی بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عزیز الرحمن چن نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت صرف ایسے منصوبے بناتی ہے جن میں کمیشن اور تشہیر کا وافرسامان ہو۔ قومی دولت ناقص منصوبوں میں ضائع کرنا بھی کرپشن اور بے ایمانی ہے۔ پیپلز پارٹی کے حوصلے بلند ہیں اور بطور اپوزیشن اسمبلی کے اندر اور باہر عوام کے حقوق کیلئے بھرپور آواز بلند کر رہی ہے پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے عوام ہی پیپلز پارٹی کو زندہ رکھیں گے پاکستان کا مستقبل جمہوریت میں ہی پنہاں ہے اور بلاول بھٹو زرداری ہی اس ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ریلی میں لوگوں کی کثیر تعداد کی شرکت نے ثابت دیا کہ پیپلز پارٹی کی جڑیں آج بھی عوام میں موجود ہیں۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کے بینرز اُتارنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ن لیگ قوم کی ترجمانی سے پیپلز پارٹی کو روک نہیں سکتی شریف خاندان قانون کے شکنجے میں پھنس چکا ہے ہے اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا پڑے گا۔