قومی خزانہ لوٹنے والوں کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہیے،میاں مقصود

قومی خزانہ لوٹنے والوں کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہیے،میاں مقصود

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ کرپشن کے خلاف عوامی شعور کو اجاگر کرنے کے لیے تحریک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ملک وقوم کو لوٹنے والے جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں۔قومی خزانہ لوٹنے والے کرپٹ عناصر کا بلاامتیازاحتساب ہونا چاہئے۔ملک میں کوئی بھی مقدس گائے نہیں ہونی چاہئے۔وزیر اعظم اور ان کے خاندان کامحاسبہ وقت کا تقاضا ہے مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام اور انتشار پھیلانے اور ایک دوسرے پر الزام تراشیوں کا سلسلہ بند کرکے سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کیاجائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں کرپشن کی انتہاہوچکی ہے۔منافع بخش ادارے اقرباپروری اور خلاف میرٹ تعیناتیوں کی وجہ سے بدترین خسارے میں جاچکے ہیں۔

۔ایسے نااہل افراد کو اہم پوسٹوں پرلگادیا گیا ہے جو ان کے بالکل بھی اہل نہیں ہیں۔لوٹ مارکابازارگرم ہے۔ملک وقوم کا المیہ ہے کہ جوجتنابڑاچور ڈاکو ہے اسے اتناہی بڑاعہدہ دیا گیاہے۔آئے روز میڈیا میں کرپشن کی نئی داستانیں اور میگااسکینڈلزمنظر عام پر آرہے ہیں مگران پر کسی کی توجہ ہی نہیں۔کروڑوں، اربوں اور کھربوں کی کرپشن کرنے والے پروٹوکول کے ساتھ سرکاری گاڑیوں میں گھومتے پھرتے ہیں جوکہ کرپٹ اورفرسودہ نظام کا شاخسانہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ قوم کے خون پسینے کی کمائی کولوٹ کر غیر ملکی اکاؤنٹس میں جمع کروانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے اور ان سے ایک ایک پائی کاحساب لیاجائے۔جب تک ملک سے کرپشن کاخاتمہ اور کرپٹ عناصر کاقلع قمع نہیں ہوجاتا ملک میں نہ تو خوشحالی آسکتی ہے اور نہ ہی عوام کی زندگی میں آسودگی ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت چار برس گزارچکی ہے مگر20کروڑ عوام کو مایوسی اور اندھیروں کے سواکچھ نہیں ملا۔ملک میں مسائل کے انبار لگے ہیں۔حکومتی تمام اسکیموں میں کرپشن اورکمیشن کی بازگشت سنائی دیتی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...