ہسپتالوں میں جاری ری ویمپنگ پلان کو اکتوبر تک ہر صورت مکمل کیاجائے،علی جان

ہسپتالوں میں جاری ری ویمپنگ پلان کو اکتوبر تک ہر صورت مکمل کیاجائے،علی جان

لاہور(خبرنگار) سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب علی جان خان نے ڈسٹرکٹ اینڈ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کی انتظامیہ اور محکمہ کے ڈویلپمنٹ ونگ کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے 40 ہسپتالوں میں جاری ری ویمپنگ پلان کو اکتوبر تک ہر صورت مکمل کیاجائے تاکہ آئندہ سال میں مزید 85 ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے منصوبے پر کام کا آغاز کیاجاسکے ۔ ان خیالات کااظہارانہو ں نے گزشتہ روز صوبہ بھر کے ٹی ایچ کیو اور ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ کانفرنس میں تمام ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے علاوہ سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر فیصل ظہور، پی ایس پی یو کے ڈائریکٹر محمد خان رنجھا ،مربوط ماں او ر بچہ پروگرام کے صوبائی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختارحسین سید ، ڈائریکٹر این سی ڈی ڈاکٹر فاروق منظور ، ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر یداللہ کے علاوہ پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یواور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔سیکرٹری علی جان خان نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے لئے مینمم سروس ڈلیوری سٹینڈرز پر عملدرآمد یقینی بنایاجائے ، انفیکشن کنٹرول ، صفائی اور حفظان صحت پر خصوصی توجہ دی جائے اور اس سلسلہ میں پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے مقرر کردہ ایس او پیز کو فالو کیاجائے ۔ اجلاس میں آئندہ سال کے لئے ادویات کی خریداری ، ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی ،ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی پر گریڈیشن ،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالو ں میں انتہائی نگہداشت وارڈ اور برن یونٹ قائم کرنے کے منصوبوں بارے پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں ہیپاٹائٹس ، تپ دق ،ایڈز اور دیگر بیماریوں کے مریضوں کو کوریئر سروس کے ذریعے ادویات کی گھروں پر ترسیل کے لئے شروع کئے گئے نئے نظام کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیاگیا ۔ سیکرٹری ہیلتھ نے ہدایت کی کہ ادویات کی ترسیل کے نظام کی مانیٹرنگ کی جائے تاکہ مریضوں کو ادویات کے حصول میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ علی جان خان نے کہاکہ نئی اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کا مقصد ہسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنا کر عوام کو مقامی سطح پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے تاکہ انہیں علاج کے لئے بڑے شہروں کے ٹیچنگ ہسپتالوں کا رخ نہ کرنا پڑے اور اس سلسلے میں سفری دشواریوں سے بھی بچایاجاسکے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...