پیرا میڈیکل سٹاف کیلئے سروس سٹرکچر کی منظوری قابل ستائش اقدام ہے،پروفیسر غیاث

پیرا میڈیکل سٹاف کیلئے سروس سٹرکچر کی منظوری قابل ستائش اقدام ہے،پروفیسر ...

لاہور(پ ر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا ہے کہ 30برسوں کے بعد پیرا میڈیکل سٹاف کے لئے سروس سٹرکچر کی منظوری قابل ستائش اقدام ہے جس کے طبی عملے کی کارکردگی پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے انہوں نے کہا کہ پیرامیڈکس اور نرسنگ ایسوسی ایشن کی تنظیموں کے عہدیداروں کی مشاورت سے صوبے بھر کے پیرامیڈیکل سٹاف کیلئے ایک ہی جیسے یونیفارم کی فراہمی کیلئے محکمہ صحت پنجاب کو سفارشات بھجوا دی گئی ہیں جس سے طبی عملے کے وقار اور معیار میں اضافہ ہو گا وہ یہاں جنرل ہسپتال میں پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کی طرف سے اظہار تشکر کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام صابر ،ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر یوسف بلا ،جنرل سیکرٹری رحمت سندھو ، صدر رانا پرویز،عارف بٹر، امانت ساغر، فضل آسی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں صوبائی قیادت کے علاوہ لاہور کے مختلف ہسپتالوں کے عہدیداروں سمیت ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ جنرل ہسپتال میں پیرا میڈیکل سٹاف کے اہل خانہ کے علاج معالجے کیلئے علیحدہ بیڈز مختص کیے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ طبی عملہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے او ر موجودہ حکومت نے ان ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخی قدم اٹھائے ہیں پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کبھی رائیگا ں نہیں جائے گی اور اس کے بدلے میں دنیا اور آخرت دونوں جگہوں میں نیک نامی ملے گی انہوں نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ رزق حلال کے لئے دلجمعی کے ساتھ محنت اور کوشش کرتے رہیں۔ ہم سب ایک خاندان کی طرح ہے اور انشاء اللہ مل جل کر ادارے کی نیک نامی اور بہتری کیلئے کام کرتے رہیں گے ،دیگر مقررین نے پیرا میڈیکل سٹاف کیلئے پنجاب حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور وزرائے صحت کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔تقریب کے اختتام پر پیرامیڈکس کے عہدیداروں نے سروس سٹرکچر کی منظوری پر مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...