چیئرمین ٹیک ویلفئیر ٹرسٹ میاں محمد اشرف مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

چیئرمین ٹیک ویلفئیر ٹرسٹ میاں محمد اشرف مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

لاہور(فلم رپورٹر)ٹیک سوسائٹی کلب میں سابق جنرل مینجرتربیلا ڈیم و چیئرمین ٹیک ویلفئیر ٹرسٹ میاں محمد اشرف مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا جس میں سابق وزیر مملکت قیوم نظامی، سابق ممبر پرائیویٹائزیشن کمشن افتخار الحق، صدر ٹیک سوسائٹی منظور احمد شیخ،انجینئرعبدالمجید خان، میاں نبیل اشرف ، جمیل گشکوری اور خلیق ارشد نے مرحوم کی بے پناہ سماجی خدمات کیلئے انکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے انتھک محنت، خلوص نیت اور لگن کے ساتھ غریب نادار اور مفلس ملازمین کے بچے اور بچیوں کیلئے ٹیک ویلفئیر ٹرسٹ کے زیر انتظام مفت تعلیم دینے کیلئے ہائی سکول قائم کیا جہاں تین سو سے زائد طلبا و طالبات زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں۔ مرحوم میاں محمد اشرف پیشے کے لحاظ سے انجینئیر تھے اور وہ تربیلا ڈیم کے واپڈا میں جی ایم بھی رہے اور ریٹائرمنٹ کے بعد ایک کامیاب پرائیویٹ بزنسمین ثابت ہوئے۔ ٹیک ویلفئیرٹرسٹ کے بانی چئیرمین میاں محمد اشرف مرحوم نے اس کے علاوہ بھی بے شمار سماجی خدمات سرانجام دیں اور غریب لوگوں کی مدد کی جس کا وہ تذکرہ نہیں کرتے تھے بلکہ خاموشی سے غریبوں کی مدد عبادت سمجھ کر کرتے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی وفات پر آج ہر آنکھ اشکبار ہے۔ مقررین نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ میاں محمد اشرف کی سماجی بھلائی کی خدمات کو کبھی نہیں بھلایا جا سکے گا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ مرحوم کے مشن کو جاری و ساری رکھنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائیگی اور جو پودہ وہ لگا کر گئے ہیں اسکی بھرپور آبیاری کی جائے گی۔ ٹیک ویلفئیر ٹرسٹ کے زیر انتظام اس وقت دو سماجی بھلائی کے منصوبے جاری ہیں جن میں ملازمین کے بچے اور بچیوں کیلئے قائم مفت تعلیمی منصوبہ ٹیک ویلفئیر ہائی سکول اور ملازمین اور انکے بچوں کیلئے مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ٹیک میڈیکل سنٹر ٹیک سوسائٹی میں اپنی خدمات مفت فراہم کر رہے ہیں۔ یہ دونوں سماجی بھلائی کے منصوبے بغیرحکومتی امداد کے اپنی مدد آپ کے تحت کم آمدنی والے ملازم طبقے کو مفت تعلیمی اور طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ اس موقعہ پر اظہار خیال کرتے ہوئی مرحوم کے بیٹے پائلٹ میاں نبیل اشرف نے کہا کہ ان کو اپنے والد پر فخر ہے جنھوں نے غریبوں کی خدمت اپنا نصب العین بنایااور اپنی شفقت اور محبت سے لوگوں کے دلوں میں گھر کر لیا۔ انھوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ مرحوم کے مشن کو ہمیشہ ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...