امریکی کانگریس صدارتی اختیار میں کمی پر متفق ، نیا بل لانے کی تیاریاں

امریکی کانگریس صدارتی اختیار میں کمی پر متفق ، نیا بل لانے کی تیاریاں

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک )امریکی کانگریس میں دونوں جماعتوں ری پبلکن اور ڈیموکرٹیک کے رہنما صدارتی انتخابات میں روس کی مبینہ مداخلت پر اس کیخلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کیلئے قانون سازی پر رضامند ہو گئے ہیں۔نئے قانون کے تحت روس پر سے پابندیاں اٹھا نے سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اختیارات بہت محدود ہو جائیں گے۔اس وقت ٹرمپ کی صدارت میں روس کی جانب سے امر یکی انتخاب میں مبینہ مداخلت کا بہت شور برپا ہے،تاہم ماسکو کی جانب سے مداخلت کے الزام کو رد کیا جا رہا ہے۔ معاہدے کا مطلب یہ ہے کہ کانگریس روس کیخلاف سخت گیر موقف اپنائے گی چاہے صدر ٹرمپ کا جو بھی موقف ہو۔اگرچہ اس بل کو صدر ٹرمپ ویٹو کر سکتے ہیں لیکن ایسا کرنے کا مطلب یہ اشارے دینا ہے کہ وہ روس کے بہت زیادہ حامی ہیں،لیکن اگر وہ اس بل کو ویٹو نہیں کرتے تو وہ اس بل کی منظوری دیں گے جس کیخلاف ان کی انتظامیہ ہے۔سینیٹ کی فارن ریلیشنز کمیٹی میں ڈیموکریٹ جماعت کے سنیئر ترین رہنما سینیٹر بین کارڈن کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتیں شدید بحث کے بعد اس بل پر متفق ہوئیں۔متفق کانگریس امریکی صدر کو عوام اور اتحادیوں کی جانب سے یہ واضح پیغام دینا چاہتی ہے اور ہم چاہتے ہیں صدر ٹرمپ یہ پیغام آگے پہنچائیں۔سینیٹ میں ڈیموکریٹ جماعت کے رہنما چک شومر نے کہا کہ ایوان نمائندگان اور سینیٹ اس بل پر جلد عمل کریں گے، پابندیوں کے حوالے سے ایک مضبوط بل کی ضرورت تھی،اس بل میں شمالی کوریا اور ایران پر بھی مزید پابندیاں عائد کرنے کا امکان ہے۔اس بل کے تحت روس پر14ء میں کریمیا پر قبضہ اور امریکی انتخاب میں مبینہ طور پر مداخلت کرنے پر نئی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔یاد رہے گزشتہ دسمبر میں اسوقت کے صدر براک اوباما نے الیکشن ہیکنگ کے حوالے سے 35 روسی سفارتکاروں کو ملک چھوڑ دینے کا حکم دیا تھا اور دو روسی کمپاؤنڈ بند کر دیے گئے تھے۔روس نے مطالبہ کیا تھا کہ امریکہ قبضے میں لیے گئے دونوں کمپاؤنڈ کو روس کے حوالے کرے اور اگر ایسا نہیں کیا گیا تو روس جوابی کارروائی کرے گا۔گزشتہ ہفتے اعلیٰ سطح کی بات چیت کے بعد ایک روسی اہلکار نے کہا تھا کہ کمپاؤنڈ کا مسئلہ تقریباً حل ہو گیا ہے،تاہم اس نئے بل کے تحت صدر ٹرمپ پابندیوں میں تبدیلی یا سفارتی جائیداد کی واپسی کانگریس کی منظوری کے بغیر نہیں کر سکتے۔

امریکی کانگریس

مزید : علاقائی


loading...