50گھروں کا نیٹ ورک ، 2فیکٹریاں ، 1کارخانہ گیس چوری کرتے پکڑے گئے

50گھروں کا نیٹ ورک ، 2فیکٹریاں ، 1کارخانہ گیس چوری کرتے پکڑے گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبرنگار) سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن کی یو ایف جی کی ٹیموں نے چار مختلف مقامات پر چھاپے مار کر 50 گھروں کا جعلی نیٹ ورک اور تین فیکٹریوں سمیت ایک کارخانے میں بڑے پیمانے پر ہونیوالی گیس چوری پکڑ لی ۔ جی ایم لاہور ریجن قیصر مسعود کے مطابق چاروں مقامات پرجعلی گیس میٹروں کے ذریعے کروڑوں روپے کی ماہانہ گیس چوری کی جا رہی تھی، خفیہ ٹیموں کے سروئے پر یو ایف جی کی ٹیموں نے باٹا پور میں چھاپہ مارا تو وہاں پرجعلی گیس میٹر سے 50 گھروں کا جعلی نیٹ چلایا جارہا تھا اور نیٹ ورک کاسرغنہ ہر گھر سے گیس کنکشن کیلئے 10 ہزار جبکہ گیس کا ماہانہ بل دو ہزار سے 2500 روپے وصول کر رہا تھا۔ چھاپہ کے موقع پر جعلی نیٹ ورک چلانیوالا ملزم فرار ہو گیا،جس پر ملزم کیخلاف کیس تیار کر کے لاکھوں روپے کا جرمانہ ڈالا جا رہاہے۔ اسی طرح گجر پورہ میں گھریلو میٹر سے چارمولڈنگ مشینوں کو گیس سپلائی کی جا رہی تھی جس میں ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کی سالانہ گیس چوری کی جا رہی تھی ۔ گیس کمپنی کی ٹیم نے گھریلو میٹر قبضہ میں لے کر مولڈنگ مشینوں کو سپلائی کی جانیوالی لائنیں بھی قبضہ میں لے لی ہیں اور گیس چوروں کو ڈیڑھ کروڑ سے زائد جرمانے پر مشتمل کیس تیار کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح گیس کی یو ایف جی کی ایک اور ٹیم نے شالیمار کے علاقہ میں ایک نمکو تیار کرنیوالی فیکٹری پر چھاپہ مارا تو وہاں پر گھریلو میٹر سے فیکٹری کو گیس سپلائی کی جا رہی تھی اور ایک کروڑ روپے کی سالانہ گیس چوری کی جا رہی تھی، جس پر گھریلو میٹر منقطع کر کے نمکو فیکٹری کو سپلائی کی جانیوالی پائپ لائن اکھاڑ کر قبضہ میں لے لی گئی اور گیس چوری میں ملوث فیکٹری مالک کو ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد کا جرمانہ ڈالا جا رہا ہے جبکہ گیس کمپنی نے کاہنہ کے علاقہ فیروز پور روڈ پر ایک مٹھائی تیار کرنیوالی دکان پر چھاپہ مارا تو وہاں پر بھی ایک گھریلو میٹر سے گیس سپلائی کر کے مٹھائی تیار کی جا رہی تھی اور بڑے پیمانے پر گیس چوری کی جا رہی تھی۔ جی ایم قیصر مسعود نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کروڑوں روپے کی گیس چوری پکڑی گئی ہے اور اس میں مزید بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دے رکھا ہے۔
گیس چوری

مزید :

علاقائی -