چوہنگ میں انٹر پاس نوجوان اور بھگت پورہ میں 19سالہ شوہر نے خودکشی کر لی

چوہنگ میں انٹر پاس نوجوان اور بھگت پورہ میں 19سالہ شوہر نے خودکشی کر لی

لاہور( خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں ایک شادی شدہ نوجوان سمیت دو افراد نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر زندگی کا خاتمہ کر لیا جبکہ دو خواتین نے اقدام خودکشی کی کوشش کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھگت پورہ شاد باغ کے رہائشی 19 سالہ محمد سلیم کی چند روز قبل شادی ہوئی اور گزشتہ روز اس کاکسی بات پر اپنی بیوی کے ساتھ جھگڑا ہوا جس پر محمد سلیم نے کنپٹی پر فائر مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا ۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی ہے ۔ اسی طرح چوہنگ کے علاقہ میں نوجوان طارق کی گھر کے کمرے میں نعش پائی گئی ۔ متوفی نوجوان کی ایف اے تعلیم تھی ،وہ روزگار نہ ملنے کے باعث پریشان تھا۔ ڈیفنس کے علاقہ میں چار بچوں کی ماں زاہدہ بی بی نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں نگل لیں جسے حالت غیر ہونے پر جنرل ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔ اسی طرح شیرا کوٹ کے علاقہ 60 فٹ روڈ کی رہائشی عائشہ بی بی کا اپنے شوہر کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا ہوا جس سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے تیز دھار آلہ سے اپنا بازو کاٹ لیا جسے فوری طور پر طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے ۔

مزید : علاقائی


loading...