کوئی دشمن ہماری فصل اور نسل پر حملہ آور نہیں ہو سکتا،سی سی پی او

کوئی دشمن ہماری فصل اور نسل پر حملہ آور نہیں ہو سکتا،سی سی پی او

لاہور(خبر نگار)کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ عوام کی مدد کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی ۔لاہور پولیس شہر کا امن و امان برقرار رکھنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔گزشتہ روز سی سی پی او لاہور نے سارے شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیا تھا جس پر تمام ایس پی حضرات نے شہر کے مختلف گرجا گھروں اور اہم تنصیبات کا دورہ کر کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا ۔ سی سی پی اولاہور نے اس موقع پر مزید کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اہلکاروں کو تھریٹ اور ڈیوٹی بارے بریف کیا جائے ۔پولیس اور عوام کے ایک پیج پر ہونے سے کوئی دشمن ہماری فصل اور نسل پر حملہ آور نہیں ہو سکتا ۔ہمارے گلی محلوں میں ویجیلنس سسٹم مزید بہتر کرنے کی ضرورت اور گنجائش ہے ۔شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول سے باخبر رہیں۔

مزید : علاقائی


loading...