جے آئی ٹی کی روایت اچھی نہیں ، کرپشن کے خاتمہ کیلئے قانون سازی کرنا ہو گی : یوسف رضا گیلانی

جے آئی ٹی کی روایت اچھی نہیں ، کرپشن کے خاتمہ کیلئے قانون سازی کرنا ہو گی : ...

ملتان(اے این این)سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پانامہ کیس پر جے آئی ٹی کی روایت اچھی نہیں،ابھی صرف ایک پانامہ آیا ہے مزید کئی پانامہ آنے ہیں کیا ہر ایک پر جے آئی ٹی بنے گی؟ ہمیں کرپشن کے خاتمے کیلئے پارلیمنٹ میں قوانین پاس کرنے ہوں گے، ملک کی موجودہ صورتحال پر چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں، عدالت جلد پانامہ کیس کا فیصلہ کر دے تو اچھا ہوگا تاکہ حالات نارمل ہو جائیں۔ملتان میں سابق وزیر اعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جتنا جلد عدالت پانامہ کا فیصلہ کرے گی اچھا ہو گا تاہم مجھے اداروں میں کوئی تصادم ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ انہوں نے کہاکہ میرا ذاتی طور پر یہی چاہتا ہوں کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے اور الیکشن 2018 میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اصل لیڈر ذوالفقارعلی بھٹو تھے انہوں نے ملک کو آئین دیا اور نیوکلیئر پروگرام دیا جسے عوام انہیں فراموش نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہاکہ جے آئی ٹی کی رپورٹ پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا ہے اور اس صورتحال پر تمام سیاسی جماعتیں بہت متحرک نظر آرہی ہیں اور الیکشن بھی آنے والے ہیں مگر تاحال انتخابی اصلاحات نہیں ہورہی ہیں تمام جماعتوں کو انتخابی اصلاحات پر کام کرنا ہو گا اگر ایسا نہ کیا گیا تو آنیوالے الیکشن میں پھر دھاندلی ہو گی اور پھر ہنگامہ برپا ہوگا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ابھی ایک پانامہ آیا ہے مزید کئی پانامے آئیں گے کیا ہر بار جے آئی ٹی بنے گی؟جے آئی ٹی کی روایت اچھی نہیں ہے سیاستدانوں کو اس پر غور کرنا ہو گا اور کرپشن کے خاتمے کے لئے پارلیمنٹ میں قوانین پاس کرنے ہوں گے ۔

یوسف رضا گیلانی

مزید : صفحہ اول


loading...