گھنٹہ گھر چوک پر ایم این اے کی نمبر پلیٹ لگی کار بیچ چوراہے کھڑی رہی ‘ وارڈن ڈیوٹی سے غائب
ملتان (کرائم رپورٹر)گھنٹہ گھر چوک پر ایم این اے کی نمبر پلیٹ لگی کار بیچ سڑک پر رکی رہی،جبکہ ٹریفک وارڈن ڈیوٹی سے غائب رہے(بقیہ نمبر33صفحہ12پر )
۔اس متعلق خبر نجی چینل پر نشر ہونے کے بعد ٹریفک پولیس کی دوڑیں لگ گئی۔گزشتہ روز سفید رنگ کی کار نمبری MLL/6400پر سبز رنگ کی اضافی پلیٹ لگی ہوئی تھی،جس پر ایم این اے کنندہ تھا،بیچ سڑک پر کار روک کر ڈرائیور کے غائب ہونے کی خبر نجی ٹی وی چینل پر چلنے کے بعد ٹریفک پولیس کی دوڑیں لگ گئیں سیکٹر انچارج ممتاز موقع پر پہنچ گیا،تاہم تب تک کار جاچکی تھی،شہریوں کا کہنا تھا کہ کار کافی دیر تک وہاں موجود رہی بعدازاں ایک شخص کار لے گیا۔ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ کار چند منٹ کے لیے وہاں رکی تھی جس جگہ اس نے پارک کی تھی ،وہاں کسی ٹریفک وارڈن کی ڈیوٹی نہیں ہوتی،تاہم کار نمبر کو ایکسائز کے لیے چیک کیا جائے گا اور اگر کار سوار قصور وار نکلا تو ذمہ دار کے خلاف قانونی کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔