پی آئی اے سمیت دیگر ایئرلائن آج سے حج آپریشن کا آغاز کریں گی

پی آئی اے سمیت دیگر ایئرلائن آج سے حج آپریشن کا آغاز کریں گی

کراچی(اسٹاف رپورٹر )پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائن آج( پیر) سے قبل از وقت حج آپریشن کا آغاز کریں گی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی ملک بھر کے ایئرپورٹس پر فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے عازمین کی روانگی کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق لاکھوں فرزندان توحید رب العزت کی عبودیت کا اعتراف کرتے ہوئے فریضہ حج کی سعادت حاصل کرتے ہیں، اس حوالے سے رواں سال فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے مجموعی طور پر ملک بھر سے ایک لاکھ 85 ہزارسے زائد پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔پی آئی اے کی 133 پروازیں 75 ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچائیں گی۔اس ضمن میں پی آئی اے ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے نے حج آپریشن کے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں، حج آپریشن میں بوئنگ 777 طیارے آپریٹ کیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ عازمین کو ایئر پورٹ پر تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی عازمین حج کی سہولت کیلئے مختلف ایئرپورٹس پرامیگریشن، کسٹم، اے این ایف سمیت تمام متعلقہ اداروں کے خصوصی کانٹرز قائم کیے ہیں۔سی ای او پی آئی اے نے مزیدبتایا کہ حجاج کرام کی رہنمائی کے لئے معلوماتی ویڈیوز بھی چلائی جائیں گی اور مفت پورٹر سروس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔نجی ایئرلائن شاہین ائیر ملک بھر کے مختلف شہروں سے 49 ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی، پی آئی اے سمیت نجی ایئر لائنوں کے ذریعے مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زائد عازمین کو 300 سے زائد پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...