ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈیشن کررہے ہیں ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب علی جان خان نے کہا ہے کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس کے لئے حکومت نے خطیر فنڈز فراہم کئے ہیں، لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کو ایل جی سی برطانیہ اور ملتان و بہاولپور کی لیبارٹریز کو منسٹری آف ہیلتھ ترکی کے ماہرین کے تعاون سے آئی ایس اوپر اپ گریڈ کرنے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈرگ کنٹرول ونگ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری صحت نے ہدایت کی کہ پی کیو سی بی کی ری ویمپنگ کے منصوبے کو ایک ماہ میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ علی جان خان نے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی آئی ایس او سرٹیفکیشن کا ٹارگٹ جون 2018ء تک مکمل کرنے ،ڈی ایل ٹی کے لئے سٹاف کی بھرتی تین ماہ میں مکمل کرنے اور لیبارٹریز کے لئے آلات کی پرکیورمنٹ بھی جلداز جلد کی جائے جبکہ فارماسیوٹیکل یونٹس میں گڈمینوفیکچرنگ پریکٹسز کے بارے سروے متعلقہ فرم کے ذریعے تین ماہ میں مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگ کنٹرول محمد سہیل، چیف ڈرگ کنٹرولر ڈاکٹر منور حیات، ڈپٹی سیکرٹری عامر شہزاد، ڈپٹی سیکرٹری محمد شہباز اور ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر عبداللہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں پراونشل کوالٹی کنٹرول بورڈ کی ری ویمپنگ میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔