تحریک انصافامن اور بھائی چارے کو فروغ دے رہی ہے،اعجازعالم

تحریک انصافامن اور بھائی چارے کو فروغ دے رہی ہے،اعجازعالم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر انسانی حقوق وا قلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں معاشرے میں امن،بھائی چا رہ اور محبت کو فروغ دینے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں تاہم سوشل میڈیا جیسے اہم پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان بھر میں بالخصوص بسنے والی اقلیتوں میں احساس محرومی کا خاتمہ یقینی بنانے کیلئے ایک بہترین ٹیم ورک کی ضرورت ہے۔


 ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے صوبہ بھر کے مختلف ڈسٹرکٹس سے آئے ہوئے تحریک انصاف مینارٹی ونگ کے رہنماؤں سے منسٹر بلاک کے کمیٹی روم میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔ ونگ کی قیادت کرتے ہوئے سوشل میڈیا ہیڈ پنجاب تنویر یوسف نے صوبائی وزیر کو ابھی تک کی حالیہ کارکردگی اور مستقبل میں کئے جانیوالے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر اعجاز عالم نے کہا کہ سوشل میڈیا کی اہمیت سے کسی صورت انکار نہیں کیا جا سکتا تاہم آپ سب کو کسی بھی قسم کی پوسٹ یا تصاویر وغیرہ اپ لوڈ کرنے سے پہلے اچھی طر ح سوچنا ہوگا کہ کسی کی دل آزاری تو نہیں ہو رہی یا کسی قسم کے فساد کا اندیشہ نہ ہو۔انہوں نے ہدایت کی کہ معاشرے میں منفی تاثرات کو اجاگر کرنے کیلئے بعض عناصر سر گرم ہیں،اس لئے سوشل میڈیا کا غیر ضروری استعمال نہ کیا جائے اور موڈریٹرز بنائے جائیں تاکہ ہر کوئی کمنٹس نہ کر سکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد ہے کہ لوگوں میں ان کے حقوق بارے بیداری پھیلائی جا ئے تاکہ لوگوں بالخصوص اقلیتوں میں احساس محرومی کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے سوشل میڈیا ٹیم کو یقین دلایا کہ بہت جلد ایک نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائیگا،جس کے تحت ادارہ انسانی حقوق کی زیر قیادت سوشل میڈیا مینارٹی ونگ کی کارکردگی میں مزید نکھارآ سکے گا۔