عمران خان نے امریکہ میں ”ڈومور“ کہنے والوں کو ”نومور“ کا بیانیہ دیا: فردوس عاشق

عمران خان نے امریکہ میں ”ڈومور“ کہنے والوں کو ”نومور“ کا بیانیہ دیا: فردوس ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی /اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ڈومور کہنے والوں کو نومور کا بیانیہ عمران خان نے امریکہ میں دیا،وزیراعظم نے امن کے سفیر اور حامی کے طور پر خود کو منوایا،عمران خان صدر ٹرمپ کے سامنے قومی بیانیے تسلیم کرانے میں کامیاب ہوئے،پاکستانی پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ عالمی سطح پر منوانا عمران خان کا عزم ہے، 25جولائی کو اپوزیشن یوم احتجاج منائے گی جبکہ قوم یوم احتساب منائے گی،  پلوامہ واقعہ پر وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو سفارتی شکست دی، بھارت کشمیریوں کو دہشت گرد ثابت کرنے پر تلا ہوا ہے، کشمیر کو مسئلہ ماننا ہی پاکستان کی جیت ہے۔ان خیلات کا اظہار میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم بھکاری بن کر نہیں قوم کا فخر بن کر گئے، اب ذاتی نہیں قومی مفادات کی بات ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں شخصیات مضبوط اور قانون کمزور ہے لہٰذاسب کیلئے یکساں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک لائی ہے جبکہ حکومت نے ڈپٹی چیئرمین کے خلاف تحریک جمع کرائی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکہ کے سامنے اپنا بیانیہ پیش کیا، جب کسی بیانی کو قومی حمایت حاصل ہوتی ہے تو وہ جیت جاتا ہے، وزیراعظم عمران خان کی ملاقات سے بھارتی میڈیا چاروں شانے چت ہو گیا جبکہ پاکستانی میڈیا نے دورہ امریکہ کو مثبت انداز میں اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکمرانوں کے بیرون ممالک دورے ذاتی مفاد کیلئے ہوتے تھے جبکہ وزیراعظم عمران خان کے دورے میں صرف قومی مفاد پر بات ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں قومی اداروں کو شخصیات کے تابع بنایا گیا،جس سے معاشرے میں عدم مسادات نے جنم لیا لہٰذاعدم مسادات کو ختم کر کے جیلوں میں بھی یکساں قانون لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی اہم شہر ہے اس لئے سمندر کے کھارے پانی کو صاف کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے، کراچی میں صاف پانی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان پر دنیا کے اعتماد کا اظہار ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو کو اپنے رہبر پر ناز ہے جس نے باوقار انداز سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا پاکستان مسئلہ کشمیر پر ثالثی کیلئے امریکی صدر کی پیشکش کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا افغان مسئلے پر وزیراعظم پاکستان کے موقف کی تائید اور انہیں مقبول رہنما قرار دینا عمران خان پر دنیا کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہار اور انکی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔
 فردوس عاشق اعوان 

مزید :

صفحہ اول -