گھوٹکی، ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے محمد بخش مہر کو برتری حاصل

  گھوٹکی، ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے محمد بخش مہر کو برتری حاصل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 گھوٹکی(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 205 گھوٹکی 2 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے امیدوار سردار محمد بخش مہر کو سبقت حاصل ہے۔ 290 میں سے 121 پولنگ سٹیشن کے غیر سرکاری وغیر حتمی نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے سردار محمد بخش مہر کو آزاد امیدوار سردار احمد علی مہر پر برتری حاصل ہے۔پیپلز پارٹی کے سردار محمد بخش مہر اور آزاد امیدوار سردار احمد علی رشتے میں ماموں بھانجا بھی ہیں۔قومی اسمبلی کے حلقہ 205 پر ضمنی انتخابات کے موقع پر پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے بغیر کسی تعطل کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔ حلقے میں 290 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے جہاں مرد و خواتین ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔آزاد امیدوار سردار احمد علی کو تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی حمایت حاصل ہے۔ قبل ازیں پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی کی پولنگ سٹیشنوں میں گھسنے کی کوشش پر پیپلزپارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا،جس پرالیکشن کمیشن نے اراکین سندھ اسمبلی دعا بھٹو، حلیم عادل شیخ اور علی نواز خان مہر کو گھوٹکی سے بیدخل کرنے کا حکم دیا۔پیپلز پارٹی کے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ حلیم عادل شیخ اور علی نواز مہر پولنگ سٹیشنوں میں گھسنے کی کوشش کررہے ہیں۔ 
گھوٹکی/ الیکشن

مزید :

صفحہ اول -