سندھ میں زراعت کے شعبے میں مزید کام کرنے کی گنجائش موجود ہے: عمران اسماعیل

  سندھ میں زراعت کے شعبے میں مزید کام کرنے کی گنجائش موجود ہے: عمران اسماعیل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل سے سندھ آبادگار بورڈ کے چار رکنی وفد نے محمود نواز شاہ کی سربراہی میں گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں ذوالفقار یوسفانی، سید ندیم شاہ او ر محفوظ عرسانی شامل تھے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین، قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی اور دیگر بھی موجود تھے۔ملاقات میں زراعت کے شعبے میں کی جانے والی اصلاحات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال اورسندھ میں پانی کی منصفانہ تقسیم، آباد گاروں کے مسائل اور ان کی بہتری کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ گورنرسندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں زراعت کے شعبے میں مزید کام کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی پر قابو پانے کے لئے کاشت کاروں کو جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ حاصل کرنا چاہئے۔تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ سیاسی وابستگیوں سے بالا ہوکر کاشکاروں کے مسائل مل جل کر حل کئے جائیں۔ جہانگرین ترین نے مزید کہا کہ سندھ میں پانی کی کمی نہیں ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ملاقات میں سندھ آبادگار بورڈ ممبران نے سندھ کے پانی کو آلودگی سے پاک کرنے اور اس کی معیار کی بہتری کے لیے کام کرنے کی درخواست دیتے ہوئے تجویز پیش کی کہ سندھ کے مختلف بیراج پر پانی کے زیاں کی روک تھام اور وجوہات معلوم کرنے کے لئے  وفاقی وزارت پانی کے تحت کمیٹی بنائی جائے جبکہ موجودہ ٹیلی میٹری سسٹم کی آبرگریڈیشن بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مزید :

صفحہ اول -