پاک سر زمین پر امریکی ایجنڈا نہیں چلنے دیں گے، حامد رضا

پاک سر زمین پر امریکی ایجنڈا نہیں چلنے دیں گے، حامد رضا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی احتجاجی تحریک کا حصہ بننے کے لئے مشاورت شروع کر دی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے سخت مایوس کیا ہے۔ پاک سر زمین پر امریکی ایجنڈا نہیں چلنے دیں گے۔پاکستان میں وائیٹ ہاؤس نہیں اللہ کا حکم چلے گا۔ ملک کو بحران سے نکالنے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ پی ٹی آئی نے اقتصادیات سے اخلاقیات تک سب کچھ تباہ کر دیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں خود کش دھماکہ خیبر پختونخواہ حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ سول اداروں کی نااہلی کی وجہ سے دہشت گرد پھر سر اٹھا رہے ہیں۔ سول اداروں نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کے معاملے میں غفلت کا مظاہرہ کیا ہے۔ امریکی غلامی کی زنجیریں توڑنے کا وقت آ گیا ہے۔


۔ حکمران واشنگٹن کی بجائے مکہ اور مدینہ کو اپنی عقیدتوں کا مرکز بنائیں۔ قبائلی اضلاع میں پرامن انتخابات کا انعقاد پاک فوج کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ پاک فوج نے قربانیاں دے کر قبائلی علاقوں میں حکومت کی رٹ اور امن بحال کیا ہے۔ قبائلی اضلاع میں فوج کی کوششوں سے بلٹ کی جگہ بیلٹ نے لے لی ہے۔ ملک میں بڑھتا سیاسی انتشار خطرے کی گھنٹی ہے۔ عوام کی بے چینی کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔ حکومت اور اپوزیشن مل کر عوامی مسائل کے حل کے لئے“ نیشنل ایجنڈا“ تیار کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اہل سنت کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت اپنی بے تدبیری سے سیاسی عدم استحکام پیدا کر رہی ہے۔ مہنگائی کے طوفان نے غریبوں کے چولہے بجھا دیئے ہیں۔ مسائل کی آگ میں جلتی عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ نااہل حکومت کا پہلا سال ناکامیوں کا سال ثابت ہوا ہے۔ پی ٹی آئی نے اقتدار کے پہلے سال میں کوئی انتخابی وعدہ پورا نہیں کیا۔ عمران خان پچھلے بائیس سالوں سے ایک ہی تقریر دہرا رہا ہے۔ عوام کو بھاشن نہیں راشن کی ضرورت ہے۔