آج کا دن یومِ احتجاج کے طور پر منائیں گے‘ڈاکٹر عباد اللہ

آج کا دن یومِ احتجاج کے طور پر منائیں گے‘ڈاکٹر عباد اللہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر)رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عباداللہ نے کہا ہے کہ پچیس جولائی پاکستان کی سیاسی تاریخ کا تاریک دن ہے‘حکمرانوں کی غلط پالیسوں کی بدولت عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں وہ گزشتہ روز ارباب اکبر حیات مرحوم کے حجرہ میں منعقدہ پارٹی کے جلسے سے خطاب کررہے تھے‘ جلسے میں ان کے ہمراہ پشاور کے جنرل سیکرٹری ارباب خضر حیات خان‘ کے پی 68 کے سابق امیدوارارباب افضل اکبر حیات خان سمیت مرکزی اورصوبائی قائدین اور سینکڑوں کی تعداد میں لیگی کارکنوں نے شرکت کی‘ڈاکٹر عباد اللہ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکومت کے خلاف 25جولائی کوملک بھرکی طرح خیبر پختونخواہ میں بھی بھرپورطریقے سے یوم سیاہ منائیں گے اس سلسلے میں تمام عہدیدار اور کارکنان احتجاجی جلسے میں شرکت کریں گے انہوں نے کہا کہ مہنگائی بے روزگاری بے جا ٹیکسوں اور حکومت کی ناقص پالیسیوں پر کامیاب شٹر ڈاون ہڑتال کرنے پر انجمن تاجران کو مبارک باد پیش کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت کے خلاف پاکستان مسلم لیگ(ن) سمیت تمام سیاسی پارٹیاں میدان میں ہے حکومت نے عوام کو سنگین مسائل اور مشکلات سے دوچار کردیا ہے‘ دس ماہ کے دوران ملک کی معیشت کابیڑہ غڑق ہوا،مہنگائی کاسونامی آیا‘غریب عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا جارہا ہے جس کے باعث عوام دووقت کی روٹی کے لئے ترس رہے ہیں ملکی معیشت کوعملی طورپرآئی ایم ایف کے حوالہ کرکے عوام کوٹیکسوں کے بوجھ کے تلے دبا دیا گیا جو قابل افسوس ہے ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور عوام کو ان حکمرانوں سے نجات دلوائیں گے۔انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ پچیس جولائی کے احتجاجی پروگرام میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔