وزیراعظم کی دورہ امریکا کی کامیابیوں سے ہاؤس آف شریف کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی،فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم کی دورہ امریکا کی کامیابیوں سے ہاؤس آف شریف کے ارمانوں پر اوس پڑ ...
وزیراعظم کی دورہ امریکا کی کامیابیوں سے ہاؤس آف شریف کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی،فردوس عاشق اعوان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دورہ امریکا کی کامیابیوں سے ہاؤس آف شریف کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی،شہباز شریف کا بیان کپتان کے خلاف حسد کا اظہار ہے،امریکا میں پاکستانیوں کا تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ دیکھ کر برداشت نہیں ہوا۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کشمیریوں کے وکیل بن کر ابھرے،تنازع کشمیر کے حل کی اہمیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا،شہباز شریف کشمیر پر سیاست کرنے سے پہلے آنکھیں کھول کر سید علی گیلانی کا بیان پڑھ لیتے،کشمیریوں کے قائد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے عداوت اور بغض میں جتنا عوام کو گمراہ کرتے ہیں،ان کی محبت عمران خان کے لیے بڑھتی جاتی ہے،ایرینا ون کے عوامی جوش وخروش،والہانہ استقبال اورصدر ٹرمپ کے ساتھ کامیاب ملاقات نے ان کی نیندیں اڑا دیں ہیں۔


ان کا کہناتھا کہ کم ظرف سوچ کے ساتھ بسوں میں سفر کا طعنہ دینے کی بجائے عمران خان کی سادگی اور کفایت شعاری کی مثال سے سیکھتے؟شہباز صاحب! آپ سب سے بڑے شعبدہ باز ہیں جو لندن میں تو سڑکیں پیدل ناپتے ہیں لیکن پاکستان آتے ہی پروٹوکول کے نشے کا شکار ہو جاتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہباز شریف کا وزیراعظم کے دورہ امریکا کے حوالے سے بیان ان کی پست سوچ اور کرپٹ خصلت کا آئینہ دار ہے۔