”فیضانِ نبوت“ کا پانچواں ایڈیشن

”فیضانِ نبوت“ کا پانچواں ایڈیشن

  

سیرت رسول کریم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ اصحابہ وسلم پرمعروف مصنف، دانشور اور سیکرٹری نظریہئ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید کی کتاب”فیضانِ نبوتؐ“ کا پانچواں ایڈیشن شائع ہو گیا ہے۔ 35 ابواب پر مشتمل اس کتاب میں نبی آخر الزماں ؐ کی ولادت باسعادت سے لے کر وصال تک حیاتِ طیبہ کا شاید ہی کوئی ایسا پہلو ہو جس کا عام فہم انداز مگر جامع انداز میں احاطہ نہ کیا گیا ہو۔ واضح رہے کہ ”فیضانِ نبوتؐ“ سمیت ملی و قومی موضوعات پر اب تک شاہد رشید کی کل 10 کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔

فیضان نبوت کی تحریر اس قدر سادہ اور اثر انگیز ہے کہ اردو زبان پر واجبی دسترس رکھنے والے نوجوان بھی کتاب کے مندرجات کو آسانی سے سمجھ سکتے ہیں۔ گنبد ِ خضریٰ کی تصویر سے مزین کتاب کے سرورق پر اس بار ”خاتم النبیّین“ کے الفاظ کا اضافہ کیا گیا ہے جو اسلام دشمن قوتوں کی طرف سے ”ختمِ نبوت“ کے خلاف جاری مذموم مہم کے تناظر میں احسن اقدام ہے۔ اس کتاب کا پیش لفظ رسول پاک ؐ کے عاشق صادق‘ امامِ صحافت اور رہبر پاکستان ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کا تحریر کردہ ہے۔ جسٹس(ر) میاں نذیر اختر نے ہدیہئ تبریک‘ ڈائریکٹر جنرل محکمہ ئ اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے حرف عقیدت، جبکہ تقریظ پروفیسر غلام سرور رانا سابق صدر شعبہئ سیاسیات گورنمنٹ کالج لاہور نے لکھی ہے۔ یہ کتاب پہلے سے موجود دیگر کتب سیرت سے اِس لئے ممتاز و منفرد ہے کہ اسے قلم بند کرتے وقت طلبا و طالبات اور بیرون ملک مقیم پاکستانی مسلمان نوجوانوں کو مدنظر رکھا گیا ہے، کیونکہ فی زمانہ جب یہ نوجوان دین اسلام اور حضور پاک کی ذات اقدس کے حوالے سے مغربی ذرائع ابلاغ کا بے بنیاد اور متعصبانہ پروپیگنڈا دیکھتے ہیں تو ان میں اپنے دین کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کرنے کی جستجو پیدا ہوتی ہے۔ اس کتاب کا مطالعہ قدم قدم پر اسلامو فوبیا پر مبنی امتیازی سلوک کا سامنا کرنے والے ان نوجوان پاکستانی تارکین وطن میں حوصلہ اور حِلم پیدا کرنے کا موجب ہو گا۔

مذکورہ تصنیف کے مطالعہ سے یہ حقیقت عیاں ہو جاتی ہے کہ اگر پاکستانی قوم کا ہر فرد اسوہئ حسنہ پر چلنے کو اپنا مقصد حیات بنا لے تو نہ صرف ہم اغیار کی دست نگری سے آزاد ہو جائیں گے، بلکہ خود کو لاحق مختلف اخلاقی امراض سے بھی فی الفور نجات پا جائیں گے۔اس کتاب کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زیر استعمال اشیاء کی خوبصورت رنگین تصاویر آرٹ پیپر پر طبع کی گئی ہیں،جو عشاق رسول پاکؐکے لئے روحانی لذت کا باعث ہیں۔ مادرِملتؒ پبلی کیشنز کے تحت شائع ہونے والی352صفحات پر مشتمل یہ کتاب اعلیٰ معیار کے آفسٹ کاغذ پر شائع کی گئی ہے۔

مزید :

ایڈیشن 1 -