بجلی، گیس چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن، 76افراد رنگے ہاتھوں گرفتار: بوگس میٹر اتاردیے گئے

بجلی، گیس چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن، 76افراد رنگے ہاتھوں گرفتار: بوگس میٹر ...

  

لاہور(خبرنگار)بجلی اور گیس چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن، 76 بجلی چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔ایس ای ناردرن سرکل عامر یاسین کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ کی ہدایت پر ناردرن سرکل لیسکو نے کالا خطائی روڈ، شاہدرہ، جیا موسیٰ، امین پارک، بیگم کوٹ، شیرانوالہ گیٹ، بھاٹی گیٹ، شاہ عالم گیٹ، داتا نگر، وسن پورہ، سلطان پورہ اور شیخوپورہ روڈ کے ساتھ ساتھ فیض پور کے علاقوں میں 1440 کنکشن چیک کئے گئے جس میں 35 بجلی چوروں کو ڈائریکٹ سپلائی پر رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے۔ اسی طرح 42 صارفین میٹر ٹیمپر کرکے بجلی کرتے پکڑے گئے۔ایس ای عامر یاسین کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف مختلف 35 مقدمات درج کروانے کے لئے درخواستیں جمع کروا دی گئی ہیں جبکہ اس کے علاوہ ڈیٹیکشن بل کی مد میں ایک لاکھ 41 ہزار 872 یونٹس چارج کئے گئے ہیں۔اسی طرح ایس ای سینٹرل سرکل اللہ یار خان کی زیرنگرانی بجلی چوروں کیخلاف سرچ آپریشن کئے جا رہے ہیں۔اسی سلسلے میں سینٹرل سرکل کے فیلڈ اسٹاف نے لیاقت آباد، رائیونڈ، علامہ اقبال ٹاؤن، اعوان ٹاؤن اور ائیر لائن سب ڈویڑنز کے زیرِ انتظام علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔جس دوران کل211کنکشنز چیک کئے گئے۔ دوران چیکنگ 41 کنکشنز میں مختلف نوعیت کی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ڈی ڈی ٹی رب یار کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں 23میٹر ڈائریکٹ سپلائی،4ڈسپلے واش، 3میٹر ڈسپلے اوپن، 4میٹر ٹمپرڈ، جبکہ 7 مزید مختلف نوعیت کے کیسز تھے۔ تمام بے ضابطہ کنکشن منقطع کرکے 54,342یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جبکہ بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لئے متعلقہ تھانوں میں درخواستیں دے دی گئی ہیں۔جی ایم سوئی گیس کمپنی لاہور ریجن شہزاد اقبال لون کے مطابق کاہنہ، ہربنس پورہ، مغل پورہ، کینال روڈ اور دھرم پورہ سمیت لکھو ڈیئر میں گھریلو میٹروں اور جعلی میٹروں سے بڑے پیمانے پر گیس چوری کی شکایات پر پر چیف انجینئر شہزاد احمد کی نگرانی میں سپیشل ٹاسک فورس تشکیل دی گئی اور اس ٹاسک فورس نے کاہنہ میں واقعہ ایک گارمنٹ فیکٹری پر چھاپہ مارا تو وہاں پر گھریلو میٹر سے بڑے پیمانے پر گیس چوری کی جا رہی تھی، علی عالم گارڈن ہربنس پورہ میں سپیشل ٹاسک فورس نے چھاپہ مارا تو وہاں پر بھی جعلی گھریلو میٹر سے گارمنٹس فیکٹری اورریسٹورنٹ میں بڑے پیمانے پر الگ الگ گیس چوری پکڑی گئی، سویٹ شاپس، دودھ دہی اور ریسٹورنٹس سمیت جعلی نیٹ ورک چلانے والے مافیا کے گیس میٹرز منقطع کرکے قبضہ میں لے لئے گئے ہیں اور معائدے کی خلاف ورزی پر مختلف تھانوں میں مقدمات درج کروانے کے لئے درخواستیں جمع کروا دی گئی ہیں

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -