قادیانیوں کے بارے میں قوانین پر سختی سے عمل کرایا جائے،عزیز الرحمن

قادیانیوں کے بارے میں قوانین پر سختی سے عمل کرایا جائے،عزیز الرحمن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عزیز الرحمن ثانی، مبلغ ختم نبوت لاہور مولانا عبدالنعیم، جنرل سیکرٹری مولانا علیم الدین شاکر، نائب امیر لاہور پیرمیاں محمدرضوان نفیس، قاری جمیل الرحمن اخترمولانا حافظ محمداشرف گجر، مولانا خالد محمود،مولانا عبدالعزیز، مولانا سید عبداللہ شاہ نے پنجاب اسمبلی کی جانب سے تحفظ بنیاد اسلام بل عقیدۃ ختم نبوت،جناب نبی کریم ؐاور حضرات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کے بارے میں گستاخانہ مواد پر مشتمل کتب فوری طور پر ضبط کرنے کے احکامات جاری کرنے کا پرجوش خیر مقدم کیا ہے اور اس پر پوری پنجاب اسمبلی کو مبارک باد پیش کی ہے۔تحفظ بنیاد اسلام بل کے حوالے سے پنجاب اسمبلی کا کردار انتہائی قابل تعریف ہے۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ قادیانیوں کے بارے میں موجود قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔
اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم،امہات الموَ منین، حضرات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین اور اہل بیت اطہار کے گستاخوں کو عبر ت کا نشان بنا دیا جائے تاکہ مسلم معاشرے میں اس قسم کی ہر زہ سرائی کا مکمل سد باب کیا جاسکے۔ علماء نے چودھری پرویز الہی کی جانب سے نبی اکرم خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم، حضرات خلفاء راشدین،ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا، صحابہ کرام اور اہل بیت کی توہین کیخلاف تحفظ بنیاد اسلام بل پر مشتمل بل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی نے تمام امت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کی ہے،پنجاب اسمبلی کی متفقہ قرارداد اور تمام سیاسی جماعتوں کی یکجہتی لائق تحسین ہے اسمبلی کے تمام ممبران مبارکباد کے مستحق ہیں۔ علماء نے حفاظت بنیاد اسلام بل پاس کرانے پر پر تمام پارلیمانی جماعتوں اور رکن پنجاب اسمبلی حافظ عمار یاسر سمیت پنجاب اسمبلی کے تمام ممبران کو خراج تحسین پیش کیا۔ بل دین اسلام کی حفاظت اور سربلندی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا وفاق اور صوبے اس معاملے میں پنجاب اسمبلی کی تقلید کریں وفاق سمیت تمام صوبوں میں اسی طرح یہ بل منظور کروا کے پورے پاکستان میں نافذ کیا جائے۔ تحفظ بنیاد اسلام بل کے ذریعے اللہ تعالیٰ سمیت تمام مقدس ہستیوں کی عزت و ناموس، آخری نبی حضرت محمد رسول اللہ ﷺ، تمام انبیائے کرامؑ، تمام آسمانی کتابیں، تمام فرشتے، تمام خلفائے راشدین، تمام امہات المومنین، تمام اہل بیت اطہار، تمام اصحاب رسول ؓاور اسلام کی بنیادوں کی حفاظت ہو سکے گی۔