وزیر اعظم مستحق طبقات کیلئے دلی ہمدردی رکھتے ہیں،اعجازعالم
لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان غریب ومستحقین کے لئے دلی ہمدردی رکھتے ہیں تاہم کورونا وائرس کے پیش نظر اس مشکل گھڑی میں کسی بھی صورت مذہبی اقلیتی برادری کے مستحق افراد کو تنہا نہیں چھوڑسکتے کیونکہ وہ بھی پاکستان کے برابر کے شہری ہیں۔انہوں نے کہاکہ مذہبی اقلیتی برادری ملکی تعمیر وترقی میں دیگر ہم وطنوں کے شانہ بشانہ یکساں کردار ادا کررہی ہے اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے گزشتہ روز فیصل آباد میں قائم کیتھولک چرچ وارث پورہ کے کمیونٹی سنٹرمیں منعقد ہ ایک تقریب میں کیا۔ چرچ میں منعقدہ سادہ تقریب میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی خصوصی ہدایات پرحکومت پنجاب کی طرف سے مذہبی اقلیتی برداری کے 661 خاندانوں میں 66 لاکھ 10 ہزار روپے مالیت کے امدادی چیکس تقسیم کے ساتھ راشن کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی۔صوبائی وزیر نے دوران خطاب کہاکہ مالی امداد شفاف انداز میں مستحقین تک پہنچائی جارہی ہے جبکہ حکومت عوامی مفادات میں بہتر فیصلے کررہی ہے تاہم پوری قوم کاتعاون بے حد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لئے باہر نکلنے سے گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ وقت گھروں میں گزاریں تاکہ کورونا وائرس کو جلد شکست دی جاسکے۔ تقریب سے دوران خطاب ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی نے کہا کہ مذہبی اقلیتی برادری ملکی تعمیر وترقی میں دیگر ہم وطنوں کے شانہ بشانہ یکساں کردار ادا کررہی ہے اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جبکہ ان کے مسائل کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں کرسچین کمیونٹی سمیت تمام طبقات کورونا سے بچاؤ کے لئے ضلعی انتظامات کے اقدامات میں شریک ہیں اور مشترکہ کاوشوں سے کورونا کو شکست دینے کے لئے پرعزم ہیں۔اس موقع پر حبقوق گل ودیگر نے مسیحی افراد کی نمائندگی کرتے ہوئے کورونا کی صورتحال میں روزگار متاثر ہونے پر حکومت کی طرف سے مالی امداد کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔