نرسنگ سٹافمریضوں کی بہتر نگہداشت یقینی بنائے،کوثر تسنیم

  نرسنگ سٹافمریضوں کی بہتر نگہداشت یقینی بنائے،کوثر تسنیم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(جنرل رپورٹر) سروسز ہسپتال کی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کوثر تسنیم نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد نرسنگ سٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہسپتال میں مریضوں کی بہتر سے بہتر نگہداشت کو ہر صورت یقینی بنائیں اور ادارے کا نام روشن کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ میرے لئے اس ہسپتال کی تمام نرسیں برابر ہیں،ان کے تمام جائزکام میرٹ پر ہوں گے اورکسی کو بھی دفتری امور کے لئے سفارش کرانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔کوثر تسنیم نے مزید کہا کہ مریضوں و اُن کے لواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔

،دیکھ بھال پر توجہ دینے اور وارڈ کی بہتر مینجمنٹ کو یقینی بنانے والی سسٹر انچار ج کو ہر ماہ تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا تاکہ اُن کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ کوثر تسنیم نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق کوالٹی ہیلتھ کئیر کو یقینی بنانے کے لئے ہمیں ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کرنا ہوگاجس سے ادارے کے معیار میں مزید بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام نرسوں کے لئے میرے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں جس کو بھی کوئی دفتری کام میں مشکل درپیش ہو وہ بلا جھجھک میرے دفتر آ سکتی ہیں۔چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ ہاسٹل میں رہائش پذیر نرسز کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لئے بھی واضح پالیسی مرتب کر لی ہے تاکہ انہیں بھی بہترسہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر وارڈ میں موومنٹ رجسٹر رکھا جائے گا تاکہ ڈیوٹی پر مامور نرس اُس وارڈکو چھوڑنے یا کسی بھی دفتر جانے سے قبل اندراج کرنا ہو گا۔کوثر تسنیم نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ انتہائی مقد س ہے اکثر اوقات مریض انتہائی تشویشناک حالت میں لائے جاتے ہیں اُن کی دیکھ بھال میں کسی قسم کی تاخیر نہ برتی جائے کیونکہ ڈاکٹر سے زیادہ لوگ نرسوں پر اعتماد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معالج کا کام ادویات تجویز کرنا ہوتا ہے جبکہ نرسنگ سٹاف راؤنڈ دی کلاک مریضوں کی تیمارداری کرتی ہیں۔چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کوثر تسنیم نے تمام نرسنگ سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ اپنا ریکارڈ مکمل اپ ڈیٹ رکھیں اور نرسیں دوسری شفٹ کو چارج دیے بغیر ڈیوٹی نہیں چھوڑیں گی اور اگر کوئی مریض تشویشناک حالت میں ہو تو چارج چھوڑنے والی نرس دوسری نرس کو اُس مریض سے متعلق آگاہ کرے گی۔واضح رہے کہ کوثر تسنیم قبل ازیں پرنسپل نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال فرائض سر انجام دے رہی تھیں۔