دی پنجاب تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ 2020تاریخ سازاقدام، منفی سیاست کا جواب عوامی خدمت سے دینگے: عثمان بزدار

      دی پنجاب تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ 2020تاریخ سازاقدام، منفی سیاست کا جواب ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے کمشنرآفس راولپنڈی میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں و عہدیداران نے ملاقاتیں کیں -وزیر اعلی عثمان بزدارسے انصاف ڈاکٹرز فورم کے وفد نے بھی ملاقات کی - وزیر اعلی عثمان بزدار نے کمشنر آفس میں متعدد اجلاسوں کی صدارت کی -وزیر اعلی عثمان بزدار سے پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر پر بات چیت کی گئی- وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خا ن کی قیادت میں عوامی خدمت کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے - پراپیگنڈہ کرنے والے عناصر پہلے کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے- منفی سیاست کا جواب عوامی خدمت سے دیں گے -پنجاب حکومت کی کارکردگی کو موثر انداز میں عوام کے سامنے لایا جائے گا- عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کریں گے - ملاقات کرنے والوں میں سینئر نائب صدر تحریک انصاف ارشد داد، پارٹی عہدیداران شاہد یوسف، جمال انصاری، اعجازمنہاس اور دیگر شامل تھے جبکہ صوبائی وزراء اور متعلقہ اراکین پنجاب اسمبلی وزیر اعلی آفس سے ویڈیولنک کے ذریعے شریک ہوئے-وزیر اعلی عثمان بزدارسے کمشنرآفس راولپنڈی میں انصاف ڈاکٹرز فورم کے وفدنے ملاقات کی - پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی، سینئر نائب صدر ارشد داداور پارٹی کے دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے- ملاقات کرنے والوں میں انصاف ڈاکٹرز فورم پاکستان کے صدر صدر ڈاکٹر مدیر خان، صدر پنجاب ڈاکٹر محسن رانجھا، جنرل سیکرٹری پاکستان ڈاکٹرسعید مصطفی اور دیگر عہدیداران شامل تھے جبکہ ڈاکٹر عاصم ریاض، ڈاکٹراسجد سلیم،ڈاکٹر عباس میرانی، ڈاکٹر احمد شمسی، ڈاکٹرعمراور ڈاکٹر افضل وزیر اعلی آفس سے ویڈیولنک کے ذریعے شریک ہوئے-پولیس میں 10 ہزار بھرتیاں کر رہے ہیں، 45 نئے تھانے قائم ہوں گے، پانی کی کمی دور کرنے کے لئے مری میں 22 کروڑ روپے سے نئی واٹر سکیم بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ دی پنجاب تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ2020 ہماری حکومت کا تاریخ ساز اقدام ہے۔تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ سے بین المذاہب ہم آہنگی بڑھے گی اور متنازعہ مواد کی روک تھام ممکن ہو گی- انہوں نے کہا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے اس حوالے سے قانون سازی کی ہے اور میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی اور پنجاب اسمبلی کے اراکین کو مبارک باد دیتا ہوں۔ سردار عثمان بزدار نے روالپنڈی میں نالہ لئی کا دورہ کیا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے نالہ لئی کی صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیااور صفائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے نالہ لئی پر روڈ وے کی تعمیر کے لئے مجوزہ اراضی کا بھی جائزہ لیا- ریالٹو پارک پہنچنے پر وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے وزیر اعلی عثمان بزدار کا خیر مقدم کیا-وزیر اعلی عثمان بزدار کو مریڑھ چوک کے قریب ریالٹو پارک میں بریفنگ دی گئی- وزیر اعلی عثمان بزدار نے شجر کاری مہم کے تحت پودا لگایااورشجر کاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا کی- وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ نالہ لئی کی تعمیر نو سے سیلاب کے دوران ہونے والی تباہ کاریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی-نالہ لئی اور ایکسپریس وے کے پراجیکٹ پر مجموعی طور پر85 ارب روپے لاگت آئے گی- پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت یہ منصوبے شروع کئے جائیں گے-نالہ لئی روڈ وے پر چار انٹر چینج بنائے جائیں گے۔ وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید نے کہا کہ نالہ لئی کی بروقت صفائی کرانے پر وزیر اعلی عثمان بزدار کے شکر گزار ہیں - وزیر اعلی عثمان بزدار کا یہ کا م راولپنڈی کے لوگوں کیلئے بہت اچھا اقدام ہے -وزیر اعلی عثمان بزدار عوامی خدمت کا حق ادا کر رہے ہیں - وزیر اعلی عثمان بزدار کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دورویہ نالہ لئی روڈ وے پر یوٹیلٹی کوریڈور بھی بنائے جائیں گے- کٹاریاں پل سے براستہ عمار چوک 16 کلو میٹر طویل نالہ لئی تعمیر کیا جائے گا-نالہ لئی کیلئے 2750 کنال اراضی ایکوائر کی جارہی ہے - نجی تعاون سے سینکڑوں ڈمپرزکے ذریعے نالہ لئی کی صفائی کی گئی ہے - نالہ لئی کے 7 ایسے مقامات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جہاں سے بارشی پانی آبادیوں کو متاثر کرتا تھا-وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، راولپنڈی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، کمشنر، ڈپٹی کمشنر، ایم ڈی واسا اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے- سردار عثمان بزدارنے معروف اینکرپرسن سمیع ابراہیم کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے - وزیر اعلی عثمان بزدار نے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے-

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -