رسولؐ، دیگر ہستیوں کی توہین پر5سا ل قید، 5لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں: فیاض الحسن

رسولؐ، دیگر ہستیوں کی توہین پر5سا ل قید، 5لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں: فیاض ...

  

لاہور (جنرل رپورٹر)وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پنجاب اسمبلی سے تحفظِ بنیاد اسلام ایکٹ 2020 ء پاس کئے جانے پر وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار، سپیکر اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور تمام اراکین اسمبلی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے مذکورہ ایکٹ ملک میں مذ ہبی رواداری کے فروغ اور فرقہ واریت کے خاتمے میں ایک سنگِ میل ثابت ہو گا۔ فیاض الحسن چوہان نے تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ایکٹ کے مطابق رسول اللہ، انبیاء کرام، اہلِ بیت اطہار، خلفائے راشدین، صحابہ کرام اور امہات المو منین کے بارے میں توہین آمیز کلمات کی اشاعت پر کارروائی کی جا سکے گی۔ اسی طرح انبیاء کرام، فرشتوں، قرآن مجید اور اسلام کے بار ے میں متنازعہ اور توہین آمیز الفاظ قابل گرفت ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ نہ صرف اسلام بلکہ دیگر مذاہب، ان کی الہامی کتب جیسے تورا ت، زبور، انجیل اور مقدس ہستیوں کیخلاف گستاخانہ مواد کی اشاعت پر بھی پکڑ ہو سکے گی۔ مذکورہ ایکٹ کے تحت رسول اکرمؐ کے اسم مبارک کیساتھ خاتم النبیین اور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید بتایا کہ تحفظِ بنیاد اسلام ایکٹ کیخلاف ورزیوں پر 5 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی۔ محکمہ اطلاعات و ثقافت کتب کی رجسٹریشن و ریگولیشن سمیت دیگر انتظامی امور کی انجام دہی یقینی بنائیگا۔ بطور وزیرِ اطلاعات میرے اور پورے محکمہ کیلئے یہ اعزاز کی بات ہے۔

فیاض چوہان

مزید :

صفحہ اول -