صحافی کا دن دیہاڑے اغواء قابل مذمت ہے،جاوید قصوری

صحافی کا دن دیہاڑے اغواء قابل مذمت ہے،جاوید قصوری

  

لاہور (نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہاہے کہ دن دیہاڑے اسلام آباد سے سینئر صحافی مطیع اللہ جان کو اغوا کرنا انتہائی قابل مذمت فعل ہے۔ اس شرمناک حرکت سے پوری صحافی برادری میں تشویش پائی جاتی ہے۔ اغوا کاروں کو جلد از جلد گرفتار کرکے کڑی سزا دی جانی چاہیے۔ سوچی سمجھی سازش کے تحت میڈیا کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ یہ سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی صحافیوں کے ساتھ ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جاتے رہے ہیں۔ کچھ کو قتل کردیا گیا اور کچھ کا آج تک نام و نشان نہیں ملا۔ آزادی رائے کا سب کو احترام کرنے کی ضرورت ہے۔ مخالفین کو دبانا اور انتقام کا نشانہ بنانا درست نہیں۔ صحافیوں کا کام حقائق کو قوم کے سامنے لانا ہے اور جماعت اسلامی ان کی آواز کو دبانے، ان کو ڈرانے دھمکانے اور تشدد کی شدید مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وقت کی یہ یکساں ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ آزادی اظہار رائے کا خود بھی احترام کرے اور اپنی رٹ کے ذریعے دیگر کو بھی اس کا پابند بنائے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -