وزیراعظم سستے گھروں کی تعمیر میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے پرعزم

  وزیراعظم سستے گھروں کی تعمیر میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے پرعزم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر ملک کے غریب عوام کیلئے سستے گھروں کی تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔تفصیلا ت کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی ہاؤسنگ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا، صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور بینک حکام بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے وزیراعظم کو سستے گھروں کیلئے قرضوں کے معاملے پر بریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سستے گھروں کے منصوبے میں تیزی آنیوالی ہے، اس کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کریں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سستے گھروں کے منصوبے سے ملک میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے جبکہ پاکستان کی اکانومی دوبارہ مستحکم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ سستے گھروں کے تعمیراتی کام سے 17 صنعتیں فوری بحال ہو جائیں گی۔دوران اجلاس وزیراعظم کو بینکوں نے ہاؤسنگ قرضوں کا پلان پیش کیا اور بتایا کہ سرمایہ کاری بڑھنے سے کاروبار کے مواقع بڑھیں گے۔وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت نے تعمیرات کے شعبے کیلئے جو مراعاتی پیکیج دیا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، حکومت اس ضمن میں نظام کو آسان سے آسان تر بنانے کیلئے پرعزم ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام سہولت سے مستفید ہو سکیں، تعمیرات کے شعبے میں ہر سطح پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کو برؤے کار لایا جائے تاکہ نظام کو تیز اور آسان ترین بنایا جا سکے۔وزیرِ اعظم نے تمام چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ آئندہ ایک ہفتے میں تعمیر ات کے حوالے سے ون ونڈو کی سہولت، حکومتی اجازت ناموں، فیسوں کی ادائیگیوں، مختلف متعلقہ محکموں کی جانب سے درخواستوں پر متوازی کام ہونے کا آن لائن نظام متعارف کرانے کے سلسلے میں لائحہ عمل پیش اوراس امر کو یقینی بنایا جائے کہ حکومتی اجازت ناموں، این او سی و دیگر عوامل مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں، اس ضمن میں غفلت یا غیر ضروری رکاوٹیں پیدا کرنیوالے اہلکاروں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ رئیل اسٹیٹ ریگولٹری اتھارٹی کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاو رت جلد مکمل کی جائے تاکہ اتھارٹی اپنے کام کا باقاعدہ آغاز کر سکے۔ کم آمدنی والے افراد کیلئے سستے گھروں کی تعمیر اور اس حوالے سے بنکوں کی جانب سے مارگیج کی سہولت کو فروغ دینے کے حوالے سے وزیرِ اعظم نے وزارتِ خزانہ اور سٹیٹ بنک کو ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے بنکوں کو سبسڈی فراہم کرنے کے عمل کو آسان ترین بنانے کے عمل کو بھی فور ی حتمی شکل دی جائے تاکہ بنکوں کو اس ضمن میں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بعدازاں اپنی زیر صدارت انٹرنیٹ کوریج بڑھانے اور بہتر بنانے سے متعلق اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا موجودہ دور میں انٹرنیٹ کی فراہمی اہم ضرورت بن چکی ہے، سکولوں میں انٹرنیٹ کی آسان اور سستی فراہمی سے متعلق ضروری اقدامات کیے جائیں۔ اجلا س میں وزیراعظم کو ملک بھر اورخصوصاً دوردراز، پسماندہ علاقوں میں انٹرنیٹ کوریج،یو ایس ایف کی جانب سے گزشتہ 2 سال کے منصوبوں اور رواں سال کے اہداف، بلوچستا ن، خیبرپختونخوا، پنجاب میں انٹرنیٹ سروس کی فراہمی و بہتری کیلئے مختلف منصوبوں کی پیشرفت پر بھی بریفنگز دی گئیں جن میں انضمام شدہ علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا پسماندہ علاقوں خصوصا بلوچستان، انضمام شدہ علاقوں، سندھ کے دوردراز علاقوں میں انٹرنیٹ فراہمی اور بہتر کوریج پر توجہ دی جائے۔
وزیراعظم

مزید :

صفحہ اول -