کراچی میں ڈینگی پھیلنے کا خدشہ،طبی اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت

کراچی میں ڈینگی پھیلنے کا خدشہ،طبی اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے مون سون کی بارشوں کے دوران مچھروں کی افزائش اور ڈینگی بخار سمیت دیگر متعدی امراض میں اضافے کے امکان کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام طبی اداروں کو اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ متاثرہ شہریوں کو علاج کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ تمام محکمہ جاتی سربراہ اپنے ہسپتالوں میں آگاہی پروگرام کے ضروری انتظامات اور بنائے گئے پلان پر عملدرآمد کی رپورٹ دیں، یہ شہریوں کی صحت کا معاملہ ہے اور اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر کراچی کے دفتر میں ڈینگی بخار پر کنٹرول اور اس سے بچاؤ پر ہونے والے اجلاس میں 2019ء کے دوران صوبہ سندھ میں رپورٹ ہونے والے بڑی تعداد میں ڈینگی بخار کے کیسز میں سے 94فیصد کا تعلق کراچی سے ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ چونکہ اس بخار سے متاثرہ افراد کی تعداد میں عموماً جولائی سے لے کر دسمبر تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اس لیے ضروری ہے کہ شہریوں کو ڈینگی بخار سے محفوظ رکھنے کے لیے مچھروں کی افزائش کے مقامات پر فوری جراثیم کش اسپرے کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو اس حوالے سے ضروری احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ رکھا جائے اورایک مؤثر اور جامع حکمت عملی کو اپناتے ہوئے متعدی امراض سے نمٹنے کی تیاری مکمل رکھی جائے۔

مزید :

صفحہ اول -