فواد چودھری خود کو سائنس کا امام بنا کر پیش کر رہے ہیں: مفتی منیب الرحمن

      فواد چودھری خود کو سائنس کا امام بنا کر پیش کر رہے ہیں: مفتی منیب الرحمن

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن نے کہا ہے کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیرفواد چودھری نے بڑے طمطراق سے گزشتہ شب چاند کو دیکھ کر کہاکہ عوام خود فیصلہ کرلیں، یہ دوسری تاریخ کا چاند ہے اور پھر لبرل میڈیا نے اس پر تبصروں کی لائن لگادی۔ دینِ اسلام اورقرآن وسنت میں تو یہ کہیں بھی نہیں بتایا گیا کہ نئے چاند کا سائزاورمطلع پر اس کا ٹائم دیکھ کرقمری تاریخ کا تعین کیا جائے گا، نہ یہ فلکیات کی کسی کتاب میں لکھا ہے، یہ فواد چودھری کی جہالت ہے جو اپنے آپ کو سائنس کا امام سمجھتا ہے۔ قمری مہینے کی 29 تاریخ کو اگر چاند غروبِ آفتاب کے بعد کچھ دیر کے لیے سائنسی اعتبار سے مطلع پر موجود ہے، لیکن وہ قابلِ رویت نہیں ہے اور نظر نہیں آیا تو مہینہ 30کا قرار پائے گا، مگر اگلی شام تک اس کی عمر 24گھنٹے بڑھ جائے گی، لہٰذا وہ مطلع پر نسبتاً زیادہ دیر رہے گااور اس کا سائز بھی نسبتاً بڑا ہوگا، لیکن وہ پہلی تاریخ ہی کا چاند ہوگا، اس پر ہم اپنی کتاب میں تفصیل کے ساتھ لکھ چکے ہیں۔ ہمارے لبرل میڈیا کو عبادات اورمذہبی مقدّسات سے کوئی غرض نہیں ہے، وہ تو صرف اسکرین کی رونق لگانا چاہتے ہیں،خدا کا خوف نہیں ہے، وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ دین اور اہلِ دین کا مذاق اڑایا جائے اور اُن کے نفسِ اَمّارہ کو تسکین پہنچے۔مفتی منیب الرحمن نے کہاکہ رسول اللہ ﷺنے صاف الفاظ میں فرمایاکہ اگر چاند کی 29تاریخ کو مطلع ابر آلود ہو اور چاند نظر نہ آئے تو قمری مہینہ 30کا پورا کرلو، مگر فواد چودھری اور ان کے مقلدین کے نزدیک فرمانِ رسول کی کوئی حیثیت نہیں ہے، اُن کا کام صرف دین کا مذاق اڑانا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -