اپوزیشن کو اپنی رہبر کمیٹی کا نام ”راہزن“رکھنا چاہئے تھا، مسرت جمشید
لاہور(نمائندہ خصوصی)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عوام اپنی آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے اصلاحات کے عمل کوبھرپور سپورٹ کر رہے ہیں،اپوزیشن اپنے ذاتی مفادات کیلئے ملک میں انارکی کی صورتحال پیدا کرنا چاہتی ہے، اپوزیشن اپنی اے پی سی کیلئے قائم کی گئی کوآرڈی نیشن کمیٹی کو رہبر کمیٹی کا نام دے رہی ہے حالانکہ اسے اس کا نام ”راہزن“ رکھنا چاہیے تھا۔اپنے ایک ویڈیو بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت نہ صرف تمام طبقات کے تحفظات سے آگاہی حاصل کر کے انہیں دور کر ے گی بلکہ انہیں ملک کے موجودہ حالات میں اٹھائے گئے غیر معمولی اقدامات پر بھی قائل کر لیا جائے گا۔ سابقہ حکمرانوں نے خزانے پر جس طرح ہاتھ صاف کئے ہیں اس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ دونوں جماعتیں ذاتی وسائل ہونے کے باوجود حکومتی خزانے کا بے دریغ استعمال کرنا اپنا حق سمجھتی رہیں۔ وزیر اعظم اور ان کی کابینہ بلکہ صوبائی حکومتوں نے بھی اپنے اخراجات میں کئی گنا کمی کی ہے اور بچت ہونے والا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جارہا ہے۔
مسرت جمشید