سرفراز احمد کی موجودگی کا کوئی دباؤ محسوس نہیں کر رہا،رضوان

سرفراز احمد کی موجودگی کا کوئی دباؤ محسوس نہیں کر رہا،رضوان

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ سکواڈ میں سرفراز احمد کی موجودگی کا کوئی دباؤ محسوس نہیں کر رہا، دونوں کی حواہش ہے کہ پاکستان کے لیے کھیلیں اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ ڈربی سے ویڈیو کانفرنس میں قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے انگلینڈ میں ٹریننگ کے لیے اچھی سہولیات ہیں۔ سب سخت محنت کر رہے ہیں باہر نہیں جاسکتے لیکن انڈور گیمز کے ذریعے خود کو مصروف رکھتے ہیں۔ کوئی اضافی دباؤ نہیں، سرفراز کے ساتھ پوزیشن کیلیے صحتمندانہ مقابلہ ہے۔ دونوں کی خواہش ہے کہ پاکستان کیلیے کھیلیں اور اچھا پرفارم کریں۔ محمد رضوان نے کہا کہ میں خود بھی سرفراز کا پرستار ہوں۔ پہلی یا دوسری چوائس کا پریشر نہیں لیتا، سرفراز سے بھی سیکھ رہا ہوں۔ سرفراز احمد سے ہمدردی ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ سابق کپتان چیمپئنز ٹرافی کے فاتح ہیں، ان سے محبت کرتا ہوں، مواقع ملیں تو ان کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے، آج کی کرکٹ میں وکٹ کیپر بیٹسمین کے بجائے بیٹسمین وکٹ کیپرز ٹیم کی ضرورت بن چکے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ کوئی ایک بیٹنگ نمبر ہونا اچھی بات ہے لیکن ٹیم کیلیے کسی بھی پوزیشن پر کھیلنے کیلیے تیار ہونا چاہیے۔ لمبا سکور کرنے کی پلاننگ کی ہے، محنت کر رہا ہوں، پوری کوشش ہوگی اچھا کھیل پیش کر سکوں اور شائقین کے دل جیتوں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -